حیدرآباد

بورا بنڈہ میں بائکس اور آٹوز بہہ گئے

چہارشنبہ کی شب دونوں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں زبردست بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں جہاں پانی داخل ہوگیا وہیں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں کل رات، موسلا دھار بارش نے ایک با رپھر تباہی مچادی۔ چہارشنبہ کی شب دونوں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں زبردست بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں جہاں پانی داخل ہوگیا وہیں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔

شدید بارش سے ڈرین ابل پڑے۔تالابوں اور جھیلوں کے علاوہ ڈرین کا پانی مکانات میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے ان مکینوں نے رات جاگ کر گذاری۔ شہر کے چند مقامات پر بارش کے پانی میں ٹو اور تھری وہیلرس بہہ گئیں۔ شہر کے بورا بنڈہ علاقہ میں ایک شخص، ٹووہیلر کے ساتھ بہہ گیا مگر مقامی افراد نے اسے بچالیا۔

دونوں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقہ میں تیز بارش کی وجہ سے نصف شب بعد ٹرافک میں شدید خلل پڑا جس کا اثر جمعرات کے روز بھی دیکھا گیا کیونکہ چند علاقوں کی سڑکیں ہنوز زیر آب ہیں جس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

شہر کے شمال مشرقی حصوں سے آنے والے مسافرین ٹرافک میں پھنس گئے کیونکہ سکندرآباد میں ملٹری اتھاریٹز کی چند سڑکیں بدستور ڈوبی ہوئی ہیں۔ شدید بارش سے سکندرآباد، بیگم پیٹ، ایر اگڈہ، بورا بنڈہ، پنجہ گٹہ، بشیر باغ، مہدی پٹنم، لکڑی کا پل، حمایت نگر، اور دیگر علاقوں میں اہم اور مصروف ترین سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

ایرا گڈہ اور پرکاش نگر کے تحت میٹرو اسٹیشنوں کے درمیان پانی جمع ہونے سے ان مصروف ترین شاہراہوں پر ٹرافک میں زبردست خلل پڑا۔ بیگم پیٹ کے رسول پورہ علاقہ کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ ان متاثرہ علاقوں میں کئی اپارٹمنٹس کے سیلار میں بھی پانی جمع ہوگیا۔

سیلاب میں ایک شخص بائک کے ساتھ بہہ گیا مگر مقامی افراد نے اسے بچالیا۔ جیڈی مٹلہ، یوسف گوڑہ، اور سری کرشنا نگر، الوال کی چند کالونیوں، میڑچل اور پیٹ بشیر آباد میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ان علاقوں کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میڑچل میں گنڈلہ پوچم پلی تالاب لبریز ہوگیا اور تالاب کے پانی سے سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے ٹرافک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔

شاہ میر پیٹ میں ایک اسکول مکمل طور پر پانی سے محصور ہوگیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی کے بالا نگر علاقہ میں صرف ایک گھنٹہ میں 10سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آبگیر علاقوں میں زبردست بارش سے عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں پانی کا زبردست بہاؤ دیکھا جارہا ہے۔

گذشتہ رات کی شدید براش کے سبب ضلع ناگر کرنول میں ایک شخص بہہ گیا۔ یہ واقعہ امرآباد میں پیش آیا۔ گاؤں میں سیلاب آگیا جس کی وجہ سے 42 سالہ عامر علی بہہ گیا۔ مقامی افراد اسے بچانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔ جمعرات کے روز عامر کی لاش برآمد ہوئی۔