بھارتسوشیل میڈیا

”بریانی، ٹفن آئٹم نہیں“ستیہ ناڈیلا کی روبوٹ سے بات چیت

مائیکرو سافٹ کے اکزیکٹیو چیرمین اور سی ای او ستیہ ناڈیلا نے چیاٹ جی پی ٹی سے اختلاف کیا اور اس سافٹ ویر نے ان سے معذرت خواہی کرلی۔ یہ سارا معاملہ بریانی سے متعلق تھا۔

بنگلورو۔: مائیکرو سافٹ کے اکزیکٹیو چیرمین اور سی ای او ستیہ ناڈیلا نے چیاٹ جی پی ٹی سے اختلاف کیا اور اس سافٹ ویر نے ان سے معذرت خواہی کرلی۔ یہ سارا معاملہ بریانی سے متعلق تھا۔

واضح رہے کہ چیاٹ جی پی ٹی مصنوعی ذہانت کا حامل سافٹ ویر اور چیاٹ روبوٹ ہے۔ ناڈیلا نے چیاٹ جی پی ٹی سے خواہش کی تھی کہ وہ انتہائی مقبول جنوبی ہند کے ٹفن آئٹمس کے بارے میں بتائے اور اس نے اندازہ کے مطابق اڈلی‘ دوسہ اور وڈا جیسی ڈشوں کے نام بتائے لیکن ان میں بریانی کا نام بھی شامل تھا اور شاید اسی پر ستیہ ناڈیلا کا موڈ بگڑگیا۔

انہوں نے چیاٹ جی پی ٹی سے کہا کہ بحیثیت حیدرآبادی یہ سافٹ ویر بریانی کو جنوبی ہند کا ٹفن آئٹم قراردیتے ہوئے ان کی ذہانت کی توہین نہیں کرسکتا۔ ناڈیلا کے مطابق سافٹ ویر نے کہا ”آئی ایم سوری“۔

بات چیت جاری رکھنے کے لئے ناڈیلا نے چیاٹ جی پی ٹی سے کہا کہ وہ یہ بتائے کہ اڈلی اور دوسہ میں کونسی ڈش بہتر ہے۔

ناڈیلا چہارشنبہ کے روز بنگلورو میں فیوچر ریڈی ٹکنالوجی سمٹ سے خطاب کررہے تھے اور انہوں نے ہجوم کو ایک خوش مزاج سافٹ ویر چیاٹ جی پی ٹی سے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ وہ ہندوستان میں انتہائی مسابقتی مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ اختراعات پر پریزنٹیشن دے رہے تھے۔