حیدرآبادسوشیل میڈیا

قبائیلوں کے حملہ میں محکمہ جنگلات کے عہدیدارکی موت۔ 50 لاکھ روپے ایکس کریشیاء کا اعلان

چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤنے بھدرادری کوتہ گڑم میں بنڈلایاڈودیہات میں قبائیلوں کے حملہ میں فارسٹ رینج آفیسر سرینواس راؤ کی موت پرگہرے صدمہ اور دکھ کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤنے بھدرادری کوتہ گڑم میں بنڈلایاڈودیہات میں قبائیلوں کے حملہ میں فارسٹ رینج آفیسر سرینواس راؤ کی موت پرگہرے صدمہ اور دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے سرینواس راؤ کے افراد خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے ڈی جی پی مہندرریڈی کو اس قتل میں ملوث خاطیوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔چیف منسٹرنے متوفی سرینواس راؤ کے لواحقین کے لئے 50 لاکھ روپے ایکس کریشیاء کااعلان کیا۔

ان کے لواحقین کو مکمل تنخواہ جاری کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے سرینواس راؤ کے سبکدوشی کی معیاد تک تنخواہ کی اجرائی کے لئے اقدامات کرنے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔

تقررات رحم کے تحت خاندان کے کسی اہل ایک فرد کوملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے متوفی سرینواس راؤ کی آخری رسومات کوسرکاری سطح پرتمام اعزازات کے ساتھ انجام دینے کے لئے ضروری انتظامات کرنے کی چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی۔

کے چندرشیکھرراؤ نے وزیر جنگلات اے اندراکرن ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمارکوآخری رسومات میں شریک رہنے کی ہدایت دی۔

چیف منسٹرنے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین پرحملوں کوقطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔خاطیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔تمام سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومت کا مکمل تعاون رہے گا۔