سوشیل میڈیا

لندن میں مسروقہ لگژری کار کراچی میں برآمد

تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ چوری کی کار کراچی کی ایک رہائش گاہ کے اندر کھڑی ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق، عدالتی احکام سے لیس کسٹمز حکام نے اس مقام پر چھاپہ مارا اور بینٹلی کار کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

کراچی: لندن میں مسروقہ لگژری کار کراچی میں برآمد ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ایک برطانوی ادارے کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پاکستانی کسٹمز نے ہفتے کے روز کراچی کے ایک گھر سے ایک لگژری کار (بینٹلی ملسانے) برآمد کرلی ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق، لگژری کار جس کی پہلے لندن میں چوری کی اطلاع ملی تھی، کراچی کے پوش ڈی ایچ اے علاقے میں ایک رہائش گاہ کے ڈرائیو وے میں کھڑی پائی گئی۔

کسٹمز کو گاڑی کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔ مسروقہ لگژری سیڈان کا سراغ لگانے کے لئے مقامی طور پر تحقیقات کی گئیں۔

تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ چوری کی کار کراچی کی ایک رہائش گاہ کے اندر کھڑی ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق، عدالتی احکام سے لیس کسٹمز حکام نے اس مقام پر چھاپہ مارا اور بینٹلی کار کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

گاڑی کی قیمت تین لاکھ امریکی ڈالرسے زیادہ ہے اور یہ اس برانڈ کی سب سے بڑی اور مہنگی کار ہے۔

کسٹمز اہل کاروں نے رہائش گاہ کے مالک اور اسے گاڑی فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ گھر کے مالک کی جانب سے کار کے مناسب دستاویزات فراہم کرنے میں ناکامی کے بعد اسے تحویل میں لیا گیا۔

کسٹمز حکام نے بتایا کہ گاڑی کا رجسٹریشن بھی جعلی ہے۔

کسٹمز حکام کی جانب سے پولیس میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق مسروقہ گاڑی کی اسمگلنگ کی وجہ سے حکومت کو 30 کروڑ پاکستانی روپے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔