مودی کے ہبلی روڈ شو میں سکیورٹی کی خلاف ورزی
ایک پُرجوش نوجوان نے وزیراعظم کی گلپوشی کے شوق میں آج یہاں ایک سکیورٹی خطرہ پیدا کردیا۔ وزیراعظم کے روڈ شو کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ سکیورٹی عملہ فوری حرکت میں آگیا اور نوجوان کو گھسیٹ کر پیچھے لے گئے۔

ہبلی: ایک پُرجوش نوجوان نے وزیراعظم کی گلپوشی کے شوق میں آج یہاں ایک سکیورٹی خطرہ پیدا کردیا۔ وزیراعظم کے روڈ شو کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ سکیورٹی عملہ فوری حرکت میں آگیا اور نوجوان کو گھسیٹ کر پیچھے لے گئے۔
وزیراعظم مودی نیشنل یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کرنے ہبلی میں ہیں۔ علحدہ اطلاع کے بموجب ہبلی۔ دھارواڈ پولیس نے آج اس بات کی تردید کی کہ جمعرات کے روز روڈ شو کے دوران وزیراعظم نریندرمودی کے سکیورٹی کور میں کوئی مسئلہ پیدا ہوا۔ واضح رہے کہ روڈ شو کے دوران ایک نوجوان نے رکاوٹیں توڑ دیں اور مودی کی کار کی طرف بھاگا۔
ذرائع نے بتایا کہ احاطہ میں موجود تمام افراد کی اسپیشل پروٹکشن گروپ کے ارکان نے بھرپور تلاشی لی تھی اور سکیورٹی ایجنسیوں نے اس علاقہ کو اچھی طرح محفوظ بنایا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ کوئی سنگین خلاف ورزی نہیں ہے۔ مودی چلتی گاڑی کے رننگ بورڈ پر کھڑے ہوئے اور پُرجوش ہجوم کی طرف دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے تھے۔
سڑک کے دونوں طرف ہجوم تھا۔ وہ (مودی) ایرپورٹ سے ریلوے اسپورٹس گراؤنڈ کی طرف جارہے تھے۔ اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ مودی نے ہار لینے کیلئے نوجوان کی طرف ہاتھ بڑھایا لیکن لڑکے تک نہیں پہنچ سکے۔ ان کے ساتھ موجود سکیورٹی عہدیداروں نے ہار لے لیا اور اسے وزیراعظم کے حوالے کیا جنہوں نے اسے گاڑی کے اندر رکھ دیا۔
ڈیوٹی پر موجود پولیس اور ٹرافک عہدیداروں نے فوری لڑکے کو پیچھے کھینچ لیا اور اسے وہاں سے بھگادیا۔ راستہ بھر ہجوم ’مودی مودی‘، ’مودی بھارت ماتا کی جئے‘نعرے لگارہا تھا۔ بعض مقامات پر عوام نے وزیراعظم پر پھول بھی برسائے۔