حیدرآباد

سن برن میوزیکل فیسٹول کی اجازت نہیں دی گئی: موہنتی

سائبر آباد پولیس نے پیر کے روز وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ سال نو کے موقع پر سن برن میوزک فیسٹول کے انعقاد کی اجازت نہیں ہے‘حتی کہ اس ایونٹ کے ٹکٹ آن لائن فروخت کئے جارہے ہیں۔

حیدرآباد: سائبر آباد پولیس نے پیر کے روز وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ سال نو کے موقع پر سن برن میوزک فیسٹول کے انعقاد کی اجازت نہیں ہے‘حتی کہ اس ایونٹ کے ٹکٹ آن لائن فروخت کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں
بی جے پی ٹکٹ کے خواہشمندوں سے درخواستوں کی وصولی جاری
ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت شروع
ہاکی ورلڈکپ کے ٹکٹس بلیک مارکٹ کرنے پر5 گرفتار

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ”بک مائی شو“ پورٹل کے ذریعہ سن برن میوزک فیسٹول ایونٹ کے ٹکٹ کی مبینہ فروخت کے بارے میں انکوائری کرنے کی کمشنر سائبر آباد اویناش موہنتی کو ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت کے ایک دن بعد کمشنر سائبر آباد نے واضح کیا کہ اس ایونٹ کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ آرگنائزرس نے سن برن میوزک فیسٹول کی اجازت کے لیے درخواست داخل کی ہے مگر پو لیس نے منتظمین کو اس ایونٹ کے انعقاد کی اجازت نہیں دی ہے کیونکہ یہ دوسرے شہروں میں ہونے والے سن برن ایونٹس کی طرح نہیں ہے۔ سائبر آباد کمشنریٹ کے حدود میں آئی ٹی ہب مادھاپور میں ہائی ٹیک سٹی کے قریب اس میوزک فیسٹول کے انتظامات کئے جارہے تھے۔

پولیس کمشنر اویناش موہنتی نے کہاکہ اگرچیکہ پولیس نے اس ایونٹ کی اجازت نہیں دی ہے مگر اس کے باوجود بک مائی شو پورٹل پر اس ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے جبکہ یہ شو31 دسمبر کی شب منعقد کرنے کامنصوبہ ہے۔

ضلع کلکٹرس‘ ایس پیز اور کمشنران پولیس کی کانفرنس کے دوران چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کمشنر سائبر آباد کو حکم دیاتھا کہ وہ اس ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت کے معاملہ کی انکوائری کریں۔ چیف منسٹرنے جانناچاہا کہ کیا اس میوزک فیسٹول کی اجازت دی گئی ہے؟ اگر نہیں دی گئی ہے تو آن لائن ٹکٹوں کی فروخت معاملہ کی انکوائری کرنے کی ہدایت دی۔

ریڈی نے پولیس چیف کو ٹکٹوں کی فروخت کے معاملہ کی انکوائری کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ گوا‘مہاراشٹرا اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں سن برن ایونٹس کو منسوخ کردیاگیا۔ کلکٹرس او رایس پیز کو چیف منسٹر ریڈی نے ہدایت دی کہ وہ آہنی پنجہ سے منشیات کی لعنت کا خاتمہ کردیں۔

انہوں نے عہدیداروں سے کہاکہ سال نو کی تقاریب کو آمدنی کے حصول کا ذریعہ نہ بنائیں۔ ایسی تقاریب پر قریبی نظر رکھیں اور اس بات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ ان تقاریب میں منشیات کااستعمال قطعی ہونے نہ پائے۔

چیف منسٹر نے 18 سال سے کم عمر بچوں کو ان تقاریب میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی ہدایت دی اور 21 سال کی عمر نہ پہونچنے والے نوجوانوں کو کہیں بھی شراب فروخت نہ کی جائے۔