حیدرآبادسوشیل میڈیا

نمائش میں افتتاحی تقریب سے ہی بیشتر اسٹالس کھل جائیں گے۔ داخلہ فیس 40 روپے

اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا تو حیدرآبادیوں کے لئے تفریح اور شاپنگ کا سب سے بڑا موقع کل ہند صنعتی نمائش اپنی روایات کے مطابق آغاز کے دن سے گہما گہمی کا منظر پیش کرے گی اور نمائش بینوں کا استقبال کرے گی۔

حیدرآباد: اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا تو حیدرآبادیوں کے لئے تفریح اور شاپنگ کا سب سے بڑا موقع کل ہند صنعتی نمائش اپنی روایات کے مطابق آغاز کے دن سے گہما گہمی کا منظر پیش کرے گی اور نمائش بینوں کا استقبال کرے گی۔

نمائش کا اہتمام کرنے والی سوسائٹی کی کوشش ہے کہ کم از کم 80 فیصد اسٹال مالکین افتتاحی دن سے ہی اپنی تجارتی سرگرمیاں شروع کردیں۔ نمائش سوسائٹی، اسٹال ہولڈرس کی حوصلہ افزائی کررہی ہے کہ وہ تمام تر تیاریاں کرلیں اور افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی اپنی تجارتی سرگرمیاں شروع کردیں۔

سوسائٹی پیر سے اسٹال مالکین کو الاٹمنٹ لیٹرس جاری کرے گی۔ تقریباً 1,200 اسٹالس اس مرتبہ الاٹ کئے گئے ہیں جس کے لئے 2,000 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سیکیوریٹی وجوہاتاور انسداد آتشزدگی قواعد کی بناء اسٹالس کی تعداد کو گھٹادیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑیوں کو نمائش میدان میں آسانی سے گھومنے میں مدد ملے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ اس مرتبہ سوسائٹی متعلقہ حکام سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ تطعیلات کے ایام میں جب نمائش بین کا اژدھام ہوتا ہے، نمائش کو 11:30 بجے شب تک جاری رکھنے کی اجازت حاصل کی جائے۔

نمائش سوسائٹی کے عہدیداروں کا استدلال ہے کہ عام دنوں میں شہر میں نصف شب تک مارکٹس کھلی رہتی ہیں اس لئے ریگولر اوقات 10:30 بجے میں رعایت طلب کی جارہی ہے تاکہ نمائش آنے والوں کا اژدھام نہ لگ جائے اور لوگوں کو یہاں آکر محظوظ ہونے اور شاپنگ کرنے کے لئے خاطر خواہ وقت مل جائے۔ کووڈ۔19 سے جڑے قواعد اور اس سے قبل آتشزدگی کے واقعہ کے نتیجہ میں گزشتہ چار برسوں سے نمائش شیڈول کے مطابق منعقد نہیں کی جاسکی تھی۔

اس سے قبل 45 روزہ نمائش کو دیکھنے والوں کی تعداد 20 لاکھ تک ہوا کرتی تھی اور یہ تطعیلات کے ایام میں چالیس ہزار یومیہ تک پہنچ جاتی تھی۔ ان چار برسوں میں نمائش کے مسدود رہنے کی وجہ سے سوسائٹی کو زبردست مالی خسارہ برداشت کرنا پڑا تھا اس لئے داخلہ فیس کو بڑھا کر فی کس 40 روپے کیا جارہا ہے۔ سوسائٹی، نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی سے کئی تعلیمی ادارے بالخصوص لڑکیوں کے لئے چلاتی ہے اور فلاحی کام انجام دیتی ہے۔

یہ اضافہ چار برسوں بعد کیا جارہا ہے۔ نمائش بینوں کو ایک شکایت یہ تھی کہ نمائش میں سیل فونس کے نٹ ورک صحیح کام نہیں کرتا اس لئے اس مرتبہ سوسائٹی مختلف کمپنیوں سے بات کرتے ہوئے انہیں اضافی موبائیل ٹاورس نصب کرتے ہوئے نٹ ورک رابطہ کو مستحکم کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ ممکن ہوسکے تو اس مرتبہ نمائش بینوں کو مفت وائی فائی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔