بھارتسوشیل میڈیا

کیاکوئی مسلمان، ہندوستان کا وزیراعظم بن سکتاہے؟

کانگریس قائد ششی تھرورنے آج کہاکہ ہندوستانی نژادرشی سونک کے برطانیہ کے وزیراعظم بننے میں ہندوستان کیلئے کچھ سبق مضمر ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس قائد ششی تھرورنے آج کہاکہ ہندوستانی نژادرشی سونک کے برطانیہ کے وزیراعظم بننے میں ہندوستان کیلئے کچھ سبق مضمر ہیں۔

انہوں نے سوال کیاکہ کیا ہندوستان میں کوئی ایساشخص وزیراعظم بن سکتا ہے جونہ ہندوہو، نہ سکھ ہو، نہ بدھ ہواورنہ جین ہو۔ انہوں نے نمایاں اقلیتوں کو با اختیار بنانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے یہ بات کہی۔ قبل ازیں ٹوئٹر پر’نمایاں اقلیت‘ کی بحث پر انہیں نشانہ تنقید بنایاگیاتھا۔

لوگوں نے ان کے ساتھی کانگریس قائد منموہن سنگھ کاحوالہ دیاتھا جوتقریباًدس سال تک وزیراعظم کے عہدہ پر فائزرہے تھے۔ انہیں یہ بھی بتایا گیاتھاکہ مسلمان اورسکھ افراد صدرجمہوریہ کے عہدہ پرفائز رہ چکے ہیں جوملک کادستوری سربراہ ہوتا ہے، اگرچیکہ یہ ہندوستان میں محض ایک رسمی عہدہ ہے۔

ششی تھرور نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ یقیناً نمایاں اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں لیکن بیشتر ہندو سکھوں کواپنے سے الگ تصورنہیں کرتے۔

انہوں نے کہاکہ کیاہم اپنی اس اکثریتی سیاست میں جس میں بی جے پی کابڑا ہاتھ ہے، کسی ایسے دن کاتصورکرسکتے ہیں جب کوئی ایساشخص ہماری حکومت کا سربراہ (وزیراعظم) بنے جونہ ہندوہو، نہ جین ہو، نہ سکھ ہو اورنہ بدھ ہو۔

انہوں نے زوردے کر کہاکہ ’ہندوتوا کانظریہ‘ ہندوستانی برصغیر کے تمام مذاہب کومماثل تصورکرتاہے۔ انہیں ہندوستانی مذاہب تصورکیاجاتاہے لیکن ہندوتواکے ماننے والے‘ دوسروں کواسی انداز میں نہیں دیکھتے۔

اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ رشی سونک کٹر ہندوہیں، ششی تھرورنے یاددہانی کرائی کہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم ونسٹن چرچل نے کہاتھاکہ ہندولوگ حیوان ہوتے ہیں اوران کامذہب بھی حیوانی ہے۔

کیاآپ تصورکرسکتے ہیں کہ کسی عیسائی یاکسی مسلمان شخص جو کھل کر اپنے عقیدہ پر عمل کرتاہو، بی جے پی ہندوستان کا وزیراعظم بنائے گی؟۔ہندوستان میں حکمراں بی جے پی جوہندوتوا کے نظریہ پرکاربند ہے، اس کاکوئی بھی مسلم رکن پارلیمنٹ نہیں ہے۔

انہوں نے کانگریس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اورسونیاگاندھی کے وزیراعظم بننے کے امکانات سامنے آنے کے بعد ان کے اطانوی نژاد اورعیسائی ہونے کے مسئلہ کوعوام میں اچھالے جانے کی یاددہانی کرائی۔

انہوں نے بی جے پی کی سشما سوراج کی دھمکی کی یاددہانی کرائی جس میں انہوں نے کہاتھاکہ ا گر سونیا گاندھی وزیراعظم بنتی ہیں تو وہ اپنا سر منڈوالیں گی۔ بعدازاں سشماسوراج وزیر خارجہ بنیں تھیں۔ ششی تھرورنے کہاکہ ان واقعات کے بعد سونیا گاندھی نے منموہن سنگھ کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کی تھی۔