بھارت

بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ایک سوچ: راہول گاندھی

اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی نے آج کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کردہ بلز کی ٹی آر ایس ارکان اتنی جلد بازی میں تائید کرتے ہیں جیسے کہ لائٹ کا سوئچ دباتے ہی بجلی روشن ہوجاتی ہے۔

حیدرآباد: اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی نے آج کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کردہ بلز کی ٹی آر ایس ارکان اتنی جلد بازی میں تائید کرتے ہیں جیسے کہ لائٹ کا سوئچ دباتے ہی بجلی روشن ہوجاتی ہے۔

یہاں تک کہ وزیراعظم نریندر مودی کا کے سی آر کو فون کرنے سے پہلے ہی ٹی آر ایس ارکان بی جے پی کے پیش کردہ بلز کی منظوری کے لئے تائید کردیتے ہیں۔ نریندر مودی اور کے سی آر دونوں ایک ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ راہول گاندھی آج شام شیوم پیٹ ضلع سنگاریڈی میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔

کانگریس قائد نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے ہندوستان کی مارکیٹ کو تباہ کردیا۔ عوام سے جھوٹ بولا گیا کہ نوٹ بندی سے کالے دھن کو ختم کیا جاسکے گا۔ جی ایس ٹی کے غلط نفاذ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے۔ یہ سب اقدام نریندر مودی اور کے سی آر اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کئے ہیں۔

راہول گاندھی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ آپ یہ مت سونچیں کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس الگ الگ ہیں۔ سسٹم اور سونچ دونوں کی ایک ہی ہے۔ نریندر مودی ہندوستان میں اور کے سی آر تلنگانہ میں تعلیم اور صحت کے شعبہ کو خانگیانے کی سعی کررہے ہیں۔

تلنگانہ کے سرکاری اسکول و کالجس میں زہر آلود فوڈ سربراہ کیا جارہا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یاترا میں ان کے ساتھ چلنے والے نوجوانوں سے تعلیم کے بارے میں سوال کرتے ہیں تو بتایا جاتا ہے کہ کسی نے انجینئرنگ‘ کسی نے سافٹ ویر‘ کسی نے ایم بی بی ایس اور کسی نے آئی اے ایس کی تیاری کررہاہے لیکن افسوس کہ والدین ان کی تعلیم پرلاکھوں روپیہ خرچ کرنے کے بعد وہ محنت مزدوری کرنے یا پھر اوبر گاڑی چلانے پر مجبور ہیں اور یہ ہندوستان اور تلنگانہ کی سچائی ہے۔

اس لئے ہم نے نفرت‘ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا ہے۔ راہول گاندھی نے بتایا کہ انہوں نے بی ڈی ایل اور بی ایچ ای ایل کمپنیوں کے ملازمین سے بات چیت کی۔ یہ ملازمین ان کمپنیوں کو خانگیانہ پر مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی ادارے ہندوستان کی دولت ہیں‘ ان اداروں کو بنانے برسوں لگے ہیں‘ آج مودی حکومت انہیں اپنے دوستوں کے حوالے کررہی ہے۔

اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ بی ڈی ایل اور بی ایچ ای ایل کمپنیوں کے پاس ہر ریاست میں ہزاروں ایکڑ اراضی موجود ہے۔ اس کا فائدہ مودی کے دوستوں کو ہوگا۔ آپ کے چیف منسٹر کے سی آر روزانہ رات میں دھرانی پورٹل کھولتے ہیں اور ان اراضیات کو تلاش کرتے ہیں تاکہ ان اراضیات کو ہڑپ کر اپنے دوستوں کو الاٹ کیا جاسکے۔

چیف منسٹر کو تعلیم‘ صحت اور روزگار فراہم کرنے کی کوئی فکر نہیں ہے۔ رات میں دھرانی پورٹل اور صبح کو آبپاشی پراجکٹس کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ کہاں سے کمیشن کس طرح حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے بھارت جوڑو یاترا کو کامیاب بنانے بھرپور تعاون کیا ہے۔

جس کے لئے ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔ راہول گاندھی کی اس ہندی تقریر کا اتم کمار ریڈی ایم پی نے تلگو میں ترجمہ پیش کیا۔ عوام راہول گاندھی کی تقریرمیں بالخصوص کے سی آر اور مودی کا جب بھی ذکر آتا ہے تالیاں بجاکر نعرے بلند کررہے تھے۔ شہ نشین پر صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی‘ وی ہنمنت راؤ‘ محمد علی شبیر‘ گیتا ریڈی‘ جگاریڈی‘ سیتا اکا اور ارکان اسمبلی ودیگر قائدین موجود تھے۔