بھارتسوشیل میڈیا

آدھارکو ہر 10 سال بعد اپ ڈیٹ کرانا ہوگا

حکومت نے آدھار قواعد میں ترمیم کی ہے اور کہا ہے کہ آدھار رکھنے والوں کو اندراج کی تاریخ سے 10 سال مکمل ہونے پر کم از کم ایک مرتبہ اپنے تائیدی دستاویزات کو اپ ڈیٹ کرانے کی ضرورت ہے۔

نئی دہلی: حکومت نے آدھار قواعد میں ترمیم کی ہے اور کہا ہے کہ آدھار رکھنے والوں کو اندراج کی تاریخ سے 10 سال مکمل ہونے پر کم از کم ایک مرتبہ اپنے تائیدی دستاویزات کو اپ ڈیٹ کرانے کی ضرورت ہے۔

ایسا کرنے سے سنٹرل آئیڈنٹیٹیز ڈیٹا ریپوزٹری (سی آئی ڈی آر) آدھار سے متعلق معلومات درست رہیں گی۔ وزارت برائے الکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ گزٹ اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے۔

آدھار کے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے یہ تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ آدھار نمبر جاری کرنے والی سرکاری ایجنسی یونیک آئیڈنٹی فیکیشن اتھاریٹی آف انڈیا (یو آئی ڈی اے آئی) نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے شناختی اور رہائشی ثبوت کے دستاویزات کو اپ ڈیٹ کرلیں۔

اگر انہیں 10 سال پہلے منفرد آئی ڈی جاری کی گئی تھی اور انہوں نے اس وقت سے لے کر اب تک اپنی تفصیلات کو اپ ڈیٹ نہ کیا ہو تو اب یہ کام کرلیں۔

اس ضمن میں آدھار رکھنے والوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے یو اے آئی ڈی اے آئی نے ایک نیا فیچر ”اپ ڈیٹ ڈاکیومنٹ“ متعارف کرایا ہے۔ مائی آدھار پورٹل اور مائی آدھار ایپ کے ذریعہ اس فیچر تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے یا پھر عوام کسی بھی آدھار انرولمنٹ سنٹر پہنچ کر یہ سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔