دہلیسوشیل میڈیا

اروند کجریوال سے دھوکہ باز سکیش چندرشیکھر کے چبھتے سوالات

جیل میں بند دھوکہ باز سکیش چندرشیکھر نے چیف منسٹر دہلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال پر جم کر تنقید کی۔ اس نے کھلے مکتوب میں کجریوال سے کئی سوالات کئے۔

نئی دہلی: جیل میں بند دھوکہ باز سکیش چندرشیکھر نے چیف منسٹر دہلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال پر جم کر تنقید کی۔ اس نے کھلے مکتوب میں کجریوال سے کئی سوالات کئے۔

اس نے جمعہ کے دن جاری مکتوب میں چیف منسٹر دہلی سے پوچھا کہ اگر میں ملک کا سب سے بڑا ٹھگ ہوں تو کس بنیا دپر آپ نے مجھ سے 50کروڑ روپے لئے اور مجھے راجیہ سبھا کی نشست دینے کی پیشکش کی۔ سکیش نے کہا کہ اس نے کجریوال اور آدمی پارٹی قائدین کیلاش گیلوت اور ستیندر جین کے خلاف لیفٹیننٹ گورنر دہلی سے پھر شکایت کی ہے۔

اس نے سلسلہ وار سوالات میں پوچھا کہ کجریوال جی 2016میں آپ نے مجھے کیوں مجبور کیا تھا کہ میں 20 تا 30 مزید بندے لے آؤں جو عام آدمی کرناٹک اور ٹاملناڈو میں عہدوں کے عوض 500کروڑ نقد پارٹی کو دے سکیں۔

سکیش نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ کجریوال نے ستیندر جین کے ساتھ جو اِن دنوں جیل میں بند ہیں‘ 2016میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں اس کی ڈنر پارٹی میں شرکت کی تھی۔ اس نے سوال کیا کہ آپ نے 2016میں حیات‘ بھکاجی کاما پلیس میں ستیندر جین کے ساتھ میری ڈنر پارٹی میں کیوں شرکت کی تھی جہاں میں 50 کروڑ روپے دینے کے بعد ٹھہرا ہوا تھا۔

یہ پیسہ میں نے آپ کے کہنے پر گہلوت فارم ہاؤزاسولہ میں ستیندر جین کو دیا تھا۔ سکیش نے پوچھا کہ کجریوال جی آپ نے مجھے کیوں مجبور کیا تھا اور باربار فون کرتے تھے کہ میں یقینی بناؤں کہ سابق کمشنر پولیس بنگلورو بھاسکر راؤ‘ ریٹائرمنٹ کے بعدعام آدمی پارٹی میں شامل ہوجائیں۔

کجریوال جی 2017 میں آپ نے ستیندر جین کے فون پر مجھ سے کیوں بات کی تھی جب وہ مجھ سے ملنے تہاڑ جیل آئے تھے۔ بلیک آئی فون میں نام AK-2 سیو تھا۔ کجریوال جی مجھ پر انگلی اٹھانے‘ سیاسی مسئلہ بناکر عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش سے قبل اب وقت آگیا ہے کہ آپ قانون کے سامنے جوابدہ بنیں۔ میں ساری معاملتوں کا ثبوت دینے والا ہوں۔