سوشیل میڈیاکھیل

ایمباپے کا بچپن فسادات میں گزرا، گھر جل گیا

یہ کہانی ہے فٹبال کے اس سب سے بڑے سوپر اسٹار کی جو جدوجہد کی آگ میں نکلا اور آج پوری دنیا میں چمک رہا ہے۔ آج اس کے پاس سب کچھ ہے، لیکن اسے حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔

پیرس: یہ کہانی ہے فٹبال کے اس سب سے بڑے سوپر اسٹار کی جو جدوجہد کی آگ میں نکلا اور آج پوری دنیا میں چمک رہا ہے۔ آج اس کے پاس سب کچھ ہے، لیکن اسے حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔

جس کا بچپن فسادات اور تشدد میں گزرا، گھر بھی پوری طرح تباہ ہوگیا۔ ایک ہی جھٹکے میں زندگی میں ایسا اتھل پتھل آیا کہ اسے سنبھالتے ہوئے کسی اور کیلئے آگے بڑھنا مشکل ہوسکتاہے لیکن ایمباپے نے دنیا کو بتا دیا کہ نہ وقت اور نہ ہی زندگی کبھی ٹہرتی ہے‘ زندگی بھی وقت کے ساتھ آگے بڑھے تو سب کچھ حاصل کیاجا سکتاہے۔

یوں تو Mbappe فرانس کو ورلڈکپ 2022 کا ٹائٹل نہیں جتواسکے لیکن جس طرح انہوں نے ارجنٹائن کے خلاف اپنی ٹیم کو مقابلہ میں واپس کرایا اور میچ کو شوٹ آؤٹ تک پہنچایا اس نے انہیں سوپر اسٹار کھلاڑیوں کی فہرست میں کھڑا کردیا ہے۔

پہلے ہاف میں پیچھے رہنے کے بعد ایمباپے نے دوسرے ہاف میں 80ویں اور 81 ویں منٹ میں دو گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ اضافی وقت میں ارجنٹینا کے ایک بار پھر آگے ہونے کے بعد ایمباپے نے 118 ویں منٹ میں دوبارہ گول کرکے فرانس کو نہ صرف مقابلہ میں واپس لایا بلکہ ارجنٹائن کو ایک مرتبہ پھر سخت مقابلہ دیا۔

اضافی وقت میں بھی اسکور 3-3 سے برابر رہا تاہم اس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ارجنٹینا نے کامیابی حاصل کی۔ اس ورلڈ کپ میں ایمباپے نے میسی سے 8 زیادہ گول کرکے گولڈن بوٹ جیتا۔ انہوں نے فائنل میں ہیٹ ٹرک کی اور وہ فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے دوسرے فٹبالر بن گئے جس کا خواب انہوں نے بچپن میں دیکھا تھا۔ فرانس نےMbappe کی بنیاد پر 2018 میں ورلڈکپ بھی جیتا تھا۔

ایمباپے کو دنیا کا سب سے بڑا سوپر اسٹار بنانے کے پیچھے بڑا ہاتھ ان کے والد کا تھا جنہوں نے گھر کے قریب ہونے والے فسادات میں سب کچھ جل جانے کے باوجود ان کے خوابوں کو جلنے نہیں دیا۔ ایمباپے 20 دسمبر 1998 کو پیرس میں پیدا ہوئے اور پیرس سے 10 کلومیٹر دور بوندی میں پلے بڑھے۔

یہ وہی قصبہ ہے جو کسی زمانے میں تشدد اور فسادات میں مکمل طورپر برباد ہوچکا تھا۔ 2005 میں بوندی میں ہونے والے تشدد میں کئی گھر جل گئے تھے۔ قصبہ تقریباً جل چکا تھا اور یہ سب کچھ اسی جگہ کے آس پاس ہوا جہاں ایمباپے کے والدین کا گھر تھا۔ بچپن میں تشدد اور خونریزی دیکھ کر ایمباپے ضرور لرزگئے لیکن وہ اپنے مقصد سے نہیں ہٹے اور اپنے والد کی وجہ سے اپنے مقصد پر ڈٹے رہے۔

درحقیقت ان کے والد ولفریڈ فٹبال کوچ تھے اور انہوں نے ہی اپنے بیٹے کو تکیے کے بجائے فٹبال پر سر رکھ کر سوکر سوپر اسٹار بنانے کی راہ ہموار کی۔ اس کیلئے دونوں نے محنت جاری رکھی۔ اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج فٹبال ایمبپاے کے قریب آتے ہی دنیا کا ہر محافظ اور گول کیپر کانپ جاتا ہے۔

ایمباپے کا شاندار کارکردگی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر میسی کے بعد سب سے زیادہ چرچا ہو رہا ہے۔ ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر گولڈن بوٹ جیتا۔ لیکن کیا آپ ان کی تنخواہ اور مجموعی مالیت کے بارے میں جانتے ہیں۔ فوربز کے مطابق فرانسیسی اسٹار فٹبالر کی مجموعی مالیت 150 ملین ڈالر ہے۔

وہ سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ 23 سالہ ایمباپے سالانہ 10 ملین ڈالر کماتے ہیں اور ان کی بنیادی تنخواہ 53 ملین ڈالر ہے۔

فوربس کی رپورٹ کے مطابقMbappe نے مئی 2022 کے دوران 46.74 ملین ڈالر کمائے۔ واضح رہے کہ میسی کے کل اثاثے اس وقت 600 ملین ڈالر ہیں۔ ستمبر 2022 میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایمباپے نے رونالڈو اور میسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کی کل سالانہ آمدنی کا تخمینہ 132.80 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ ایمباپے کی Nikeکے ساتھ کاروباری شراکت داری بھی ہے۔