سوشیل میڈیامشرق وسطیٰ

غلاف کعبہ کلید بردار کے حوالے، یکم محرم کو کسوا کی تبدیلی

گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے غلاف کعبہ کلید بردار ڈاکٹرصالح الشیبی کے حوالے کردیا۔

مکہ مکرمہ: گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے غلاف کعبہ کلید بردار ڈاکٹرصالح الشیبی کے حوالے کردیا۔

عاجل نیوز کے مطابق امسال پہلی بار غلاف کعبہ ہجری سال کے یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا۔ غلاف کو کعبہ کے کلید بردار ڈاکٹرصالح الشیبی کو حوالے کرنے کی تقریب میں گورنر مکہ ریجن شہزادہ خالد الفیصل کے ہمراہ ڈپٹی گورنرشہزادہ بدر بن سلطان اور امور حرمین شریفین کے سربراہ اعلی ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس بھی موجود تھے۔

اس سے قبل ادارہ امورحرمین شریفین کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ایوان شاہی کی جانب سے جاری احکامات کے حوالے سے کہا تھا کہ امسال غلاف کعبہ یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا۔

اس سے قبل غلاف کعبہ ہربرس 9 ذی الحجہ کو اس وقت تبدیل کیا جاتا تھا جب دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں اور حج کا رکن اعظم ادا کررہے ہوتے ہیں۔

اس وقت مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اس لیے آسانی سے غلاف کعبہ تبدیل کردیا جاتا تھا۔خانہ کعبہ کا غلاف یکم محرم الحرام 1444 ہجری کو تبدیل کیا جائے گا۔