انٹرٹینمنٹسوشیل میڈیا

میگا اسٹار کو ممبئی ایرپورٹ پر روک لیا گیا

محکمہ کسٹمس کے اندازہ کے مطابق ان گھڑیوں کی قیمت 17 لاکھ 86 ہزار روپے ہے۔ گھڑیوں والا بیاگ شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی شنکر سنگھ کے پاس تھا۔

ممبئی: بالی ووڈ اداکار اور ان کی ٹیم کے 5 ارکان کو ممبئی ایرپورٹ پر کسٹمس عہدیداروں نے 6 لکژری گھڑیوں کی کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر ایک گھنٹہ کے لئے روک لیا۔ ہفتہ کی صبح پیمنٹ سسٹم کام نہیں کررہا تھا۔

یہ واقعہ کل رات 12:30 بجے پیش آیا۔ شاہ رخ خان چارٹرڈ فلائٹ سے دُبئی سے ممبئی پہنچے تھے۔

ایک عہدیدار نے کہا کہ جنرل ایوی ایشن ٹرمنل (جی اے ٹی) کا پیمنٹ کاؤنٹر کام نہیں کررہا تھا۔ شاہ رخ اور ان کی ٹیم کے ارکان کے بیاگیج کی اسکریننگ میں عہدیداروں نے پایا کہ ایک بیاگ میں 6 مہنگی گھڑیاں ہیں۔

محکمہ کسٹمس کے اندازہ کے مطابق ان گھڑیوں کی قیمت 17 لاکھ 86 ہزار روپے ہے۔ گھڑیوں والا بیاگ شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی شنکر سنگھ کے پاس تھا۔

اسکریننگ جاری تھی کہ شاہ رخ اور ان کی ٹیم کو وی آئی پی ٹرمنل پر کم ازکم ایک گھنٹہ روک لیا گیا۔ کچھ دیر بعد شاہ رخ خان‘ ان کی سکریٹری پوجا ددلانی اور ٹیم کے دیگر ارکان کو جانے دیا گیا۔

کسٹمس عہدیدار‘ روی شنکر سنگھ کو ٹرمنل 2 (ٹی 2) لے گئے جہاں 6 لاکھ 88 ہزار کی ڈیوٹی ادا کی گئی۔ چالان روی شنکر سنگھ کے نام پر بنا لیکن ڈیوٹی کی رقم شاہ رخ خان نے دی۔ اس کے بعد روی شنکر سنگھ کو جانے دیا گیا تب تک صبح ہوچکی تھی۔