سوشیل میڈیاکرناٹک

کرناٹک میں نابالغ سے شادی،52 سالہ شخص گرفتار

محکمہ بہبود خواتین واطفال نے ہفتہ کے روز 60 رشتہ داروں اور دوستوں کو نوٹس جاری کی جنہوں نے اترکنڑا میں بچپن کی شادی میں شرکت کی تھی۔

بنگلورو: کرناٹک پولیس نے ایک 16 سالہ نابالغ لڑکی سے شادی کرنے پر ایک 52 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ محکمہ بہبود خواتین واطفال نے ہفتہ کے روز 60 رشتہ داروں اور دوستوں کو نوٹس جاری کی جنہوں نے اترکنڑا میں بچپن کی شادی میں شرکت کی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم شوہر انیل کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا ہے جبکہ نابالغ لڑکی کو ضلع اتر کنڑا میں ایک سرکاری بازآباد کاری مرکز کو بھیج دیا گیا ہے۔ انیل نے گرفتاری کا پتہ چلنے کے بعد خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی۔ انیل اور اس لڑکی دونوں کا تعلق کاروار شہر سے ہے۔

یہ شادی 19 جولائی کو ایک مندر میں ہوئی تھی۔ آنگن واڑی ورکرس کو نابالغ لڑکی کی شادی کے بارے میں پتہ چلا تھا اور اس کی توثیق کرنے کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی تھی۔

لڑکی کے خاندان والوں اور رشتہ داروں نے دعویٰ کیا ہے کہ لڑکی جسمانی طور پر ٹھیک ہے اسی لئے انہوں نے شادی کرنا مناسب سمجھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں لڑکی کی صحیح عمر کے بارے میں علم نہیں تھا۔ کاروار ویمنس پولیس نے ایک کیس درج کرلیا ہے اور تحقیقات کررہی ہے۔