سوشیل میڈیاشمالی بھارت

گجرات فسادات کے مجرم کی بیٹی بی جے پی امیدوار

گجرات میں حکمراں بی جے پی نے نروڈا پاٹیہ قتل عام کیس کے مجرم کی دختر پائل کلکرنی کوآنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے نروڈا نشست سے امیدواربناتے ہوئے ایک تنازعہ پیداکردیاہے۔

احمدآباد: گجرات میں حکمراں بی جے پی نے نروڈا پاٹیہ قتل عام کیس کے مجرم کی دختر پائل کلکرنی کوآنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے نروڈا نشست سے امیدواربناتے ہوئے ایک تنازعہ پیداکردیاہے۔

اب این ڈی ٹی وی کوپتہ چلا ہے کہ مجرم منوج کلکرنی جسے عمرقید کی سزاسنائی گئی تھی،2015سے ضمانت پر باہر ہے اوراپنی بیٹی کی انتخابی مہم چلانے میں مدد کررہاہے۔

قبل ازیں چندرسنہہ راول جی کوگودھراحلقہ سے امیدواربناتے ہوئے بی جے پی تنازعہ میں گھر گئی تھی۔ راول جی نے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کو”سنسکاری برہمن“ قراردیتے ہوئے ایک تنازعہ پیداکیاتھا۔

وہ حکومت گجرات کی اس کمیٹی کاحصہ تھاجس نے عمرقید کی سزاکاٹ رہے مجرموں کی سزاء میں تخفیف کی تھی۔نروڈاکے موجودہ بی جے پی رکن اسمبلی بلرام تھاوانی کے بجائے پائل کو امیدواربنایاگیاہے جوکوئی سیاسی تجربہ نہیں رکھتی اورپیشہ سے انستھیسیاکی ڈاکٹر ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایاہے کہ یہ اس بات کامزید ثبوت ہے کہ بی جے پی نے فساد برپا کرنے والے مجرموں کوانعام دینے کے لئے پائل کاانتخاب کیا ہے۔ تھاوانی اوربی جے پی کارکنوں نے انتخابی مہم کے دوران منوج کاگرمجوشانہ خیرمقدم کیاتھا۔ این ڈی ٹی وی نے جب تبصرہ کیلئے بی جے پی سے ربط پیداکرناچاہا تو اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔

کئی لوگوں کواس بات سے صدمہ پہونچا ہے کہ بی جے پی نے پائل کواسی حلقہ سے امیدوار بنایاہے جہاں نروڈاپاٹیہ قتل عام ہواتھا۔ اس کے باپ کو2012میں مجرم قراردیاگیاتھا۔ وہ اس ہجوم میں شامل تھا جس نے2002کے گجرات فسادات کے دوران نروڈامیں 97افراد کوہلاک کیاتھا۔

اس کے پڑوسیوں کے مطابق مجرم قراردیئے جانے کے بعد سے منوج اکثر عبوری ضمانت پرجیل کے باہر رہاہے۔ انتخابی مہم میں باپ کے رول کے بارے میں دریافت کرنے پر پائل نے کہاکہ اس کے خاندان نے اس کے باپ کومجرم ٹھہرائے جانے کوعدالت میں چالینج کیاہے۔ پائل نے کہاکہ میرے والد تجربہ کارسیاستدان ہیں۔

میں انہیں مجرم ٹھہرائے جانے کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنانہیں چاہتی کیونکہ ہم نے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے۔ ہم ابھی بھی یہ کیس لڑ رہے ہیں۔ میں آپ کو صرف اتنا کہہ سکتی ہوں کہ میرے والد، ماں اورتمام بی جے پی قائدین اس انتخابی مہم میں میری مدد کررہے ہیں اورہم ترقی کے موضوع پر یہ الیکشن جیتیں گے۔