10 سالہ یتیم و یسیر بچہ راتوں رات کروڑ پتی بن گیا
لڑکے کی والدہ عمرانہ اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے گاؤں پنڈولی میں رہتی تھیں اور اپنے شوہر کی موت کے بعد سسرال والوں کے ساتھ ناچاقی کے باعث 2019ء سے اپنے لڑکے شاہ زیب کے ساتھ میکہ میں مقیم تھیں۔

دہرہ دون: ایک 10 سالہ لڑکا راتوں رات کروڑوں روپئے کی جائیداد کا مالک بن گیا، جو اپنی ماں کی کووِڈ 19 کی وجہ سے موت کے بعد بھیک مانگنے پر مجبور ہوگیا تھا۔ اس کے دادا نے اپنی موت سے پہلے اپنی نصف جائیداد ترکہ میں چھوڑی ہے۔
وصیت لکھنے کے بعد سے لڑکے کے رشتہ دار اسے تلاش کررہے تھے۔ گاؤں کے ایک نوجوان مبین نے اسے کلیار کی سڑکوں پر گھومتے ہوئے دیکھا اور پہچان لیا۔ اس نے لڑکے کے سب سے چھوٹے دادا کے ارکانِ خاندان کو اس کے بارے میں اطلاع دی جو جمعرات کے روز بچہ کو سہارنپور لے گئے۔
اس بچہ کا گاؤں میں آبائی گھر اور پانچ بیگھہ زمین ہے۔ لڑکے کی والدہ عمرانہ اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے گاؤں پنڈولی میں رہتی تھیں اور اپنے شوہر کی موت کے بعد سسرال والوں کے ساتھ ناچاقی کے باعث 2019ء سے اپنے لڑکے شاہ زیب کے ساتھ میکہ میں مقیم تھیں۔
اس کے بعد وہ شاہ زیب کے ساتھ کلیار پہنچیں اور ان کے لواحقین ان کی تلاش میں ناکام رہے۔ وبائی مرض کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا، جس کے بعد یہ بچہ تنہا زندگی گزارنے پر مجبور ہوگیا۔
لڑکے رشتہ داروں نے اس کی تصویر سوشل میڈیا گروپس پر اَپ لوڈ کی اور بچہ کو ڈھونڈ کر لانے والوں کے لیے انعام کا اعلان بھی کیا۔ شاہ زیب کا ایک دور کا رشتہ دار مبین کلیار میں تھا، جب اس نے بچہ کو دیکھا اور لڑکے سے اس کی ماں اور گاؤں کا نام پوچھ کر اس کی شناخت کی ۔
شاہ زیب کے دادا محمد یعقوب کا تقریباً 2 سال قبل انتقال ہوگیا۔ اس کی ماں کے کلیار منتقل ہونے سے پہلے اس کے والد نوید کا بھی انتقال ہوگیا۔