سوشیل میڈیا

نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی وقتل، 16 سالہ لڑکا گرفتار

۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس کے موبائیل فون میں فحش ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ کلبرگی کی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایشا پنت نے کہا کہ اندرون 10دن چارج شیٹ داخل کردی جائے گی۔

کلبرگی: کلبرگی کے الند میں نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی و قتل کے سلسلے میں ایک 16سالہ لڑکے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ منگل کی شام لڑکی رفع حاجت کے لیے گئی تھی جب ملزم نے مبینہ طور پر اسے پکڑلیا۔

لڑکی نے مزاحمت کی اور فرار ہونے کی کوشش کی مگر ملزم نے اس کا تعاقب کیا اور اسے گھسیٹ کر گنے کے کھیت میں لے جاکر اس کی عصمت ریزی کی اور بعد ازاں چھرا گھونپ کر اس کا قتل کردیا۔ لڑکی کی لہولہان لاش برآمد ہونے کے بعد مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے چہارشنبہ کو سڑک کو مسدود کردیا تھا۔

پولیس نے تحقیقات میں شدت پیدا کرکے ملزم کو گرفتا ر کیا جو اسی گاؤں کا ہے جہاں واردات پیش آئی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس کے موبائیل فون میں فحش ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ کلبرگی کی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایشا پنت نے کہا کہ اندرون 10دن چارج شیٹ داخل کردی جائے گی۔

 لڑکی کے تعلق سے پولیس نے کہا کہ وہ افضل پور کی ساکن ہے اور حصول تعلیم کے لیے الند میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں مقیم تھی۔ اپنے خاندان کے ساتھ دیوالی کی تعطیلات گزارنے کے بعد لڑکی منگل کو الند واپس ہوئی تھی۔