سوشیل میڈیا

غیرقانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے والی خاتون کو جیل میں لڑکا تولد

آپریشن کے ذریعہ اسے لڑکا تولد ہوا۔ جیل حکام نے مزید بتایا کہ ماں اور بچہ بخیر و عافیت ہیں اور منگل کے دن انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خاتون کا شوہر ہنوز ممبئی میں ہے اور پولیس کی گرفتاری سے بچ رہا ہے۔

گوہاٹی: غیرقانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کے الزام میں چار ماہ سے جیل میں قید ایک بنگلہ دیشی خاتون نے ایک بچے کو جنم دیا۔ جیل حکام نے آج یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ خاتون چاندانی شیخ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی رہائشی ہے۔ حکام کے مطابق دو سال قبل خاتون اپنے شوہر کے ساتھ بغیر جائز دستاویزات تریپورہ سرحد سے ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔ بعدازاں میاں بیوی کام کی تلاش میں ممبئی گئے تھے۔

چند ماہ بعد چاندانی حاملہ ہونے پر اس کے شوہر نے اسے غیرقانونی ذریعہ سے بنگلہ دیش واپس بھیج دیا تھا، تاہم اس بار بغیر پاسپورٹ اور ویزا سفر کرنے کی پاداش میں اسے ضلع کریم گنج میں واقع مدر پور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔

اسے مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کرنے پر اسے ٹرانزٹ کیمپ روانہ کیا گیا۔ آسام میں جیلوں کو ٹرانزٹ کیمپ کی طرح استعمال کیا جاتا ہے اور پولیس غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے بیرونی شہریوں کو وہاں رکھتی ہے۔ چاندنی شیخ اور اس کا رشتہ دار گزشتہ چند ماہ سے وہاں محروس تھے۔

درایں اثنا جیل حکام نے اس کی حالت کے بارے میں محکمہئ صحت کو مطلع کیا۔ کریم گنج کے جوائنٹ ڈائرکٹر محکمہئ صحت شمس العالم نے بتایا کہ چند دن قبل جیل کا دورہ کرنے کے دوران انہیں محروس بنگلہ دیشی خاتون کے بارے میں مطلع کیا۔

دو دن قبل اسے دردِ زہ شروع ہونے پر جیل حکام نے اسے ہاسپٹل میں شریک کیا۔ آپریشن کے ذریعہ اسے لڑکا تولد ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ماں اور بچہ بخیر و عافیت ہیں اور منگل کے دن انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خاتون کا شوہر ہنوز ممبئی میں ہے اور پولیس کی گرفتاری سے بچ رہا ہے۔