Dengue effect ڈینگو سے نمٹنے میں ناکامی کاالزام۔ بنگال اسمبلی میں بی جے پی کا انوکھااحتجاج
بھگواجماعت کے ارکان اسمبلی نے آج ایک بہت بڑے مچھرکی نقل کے ساتھ جسے نیلے بارڈرکی سفید ساڑی لپیٹی گئی تھی، ایوان کے اندر اورباہر احتجاج کیا۔

کولکتہ: مغربی بنگال میں بی جے پی ارکان اسمبلی نے ریاست میں ڈینگوکے مرض سے نمٹنے میں حکومت کے مبینہ بے پرواہ رویہ کے خلاف احتجاج کرنے ایک انوکھاطریقہ اختیارکیا۔
بھگواجماعت کے ارکان اسمبلی نے آج ایک بہت بڑے مچھرکی نقل کے ساتھ جسے نیلے بارڈرکی سفید ساڑی لپیٹی گئی تھی، ایوان کے اندر اورباہر احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ یہ ممتابنرجی کا روایتی لباس ہے،جوان کی شناخت بھی بن چکاہے۔
بی جے پی نے ایوان میں ایک تحریک التواء بھی پیش کی اور ریاست میں ڈینگوکی صورتحال پرمباحث کامطالبہ کیا‘ اگرچیکہ اسپیکر بمن بندو پادھیائے نے تحریک التواء کی تجویزپڑھ کر سنانے کی اجازت دی لیکن انہوں نے اس مسئلہ پر ایوان میں مباحث کی اجازت نہیں دی۔
اس پرناراض بی جے پی ارکان اسمبلی نے قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری کی زیرقیادت مچھر کی نقل کے ساتھ جوسفید اورنیلی ساڑی میں لپٹی ہوئی تھی، احتجاج کرناشروع کردیا۔ بعدازاں انہوں نے ایوان سے واک آوٹ کردیا اوراسمبلی کے احاطہ میں لان پر نعرہ بازی شروع کردی۔