امریکہ و کینیڈا

بل گیٹس کے دفتر میں ملازمت کیلئے درخواست دینے والی خواتین سے جنسی زندگی اور تجربات کے بارے میں پوچھا گیا

اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ بل گیٹس کے نجی دفتر نے انٹرویو کے دوران مبینہ طور پر خاتون امیدواروں سے نامناسب جنسی سوالات پوچھے تھے۔

واشنگٹن: اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ بل گیٹس کے نجی دفتر نے انٹرویو کے دوران مبینہ طور پر خاتون امیدواروں سے نامناسب جنسی سوالات پوچھے تھے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی اطلاع کے مطابق چند خاتون امیدواروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان سے انتہائی نامناسب سوالات پوچھے گئے تھے، جیسے کہ ان کے ماضی کے جنسی تجربات کے بارے میں تفصیلات، ان کے فون پر مباشرت کی تصاویر رکھنا، فحش نگاری میں ترجیحات، حتیٰ کہ آیا انہیں جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریاں کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔

حیرت انگیز طور پر دیگر خاتون درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ ان سے ”ڈالرس کے لیے رقص“ کرنے یعنی پیسہ کمانے کے لیے بے لباس ہونے اور غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

یہ پوچھ گچھ مبینہ طور پر ایک فریق ثالث سیکوریٹی فرم Concentric advisors کے ذریعہ کی گئی تھی، جو خاندانی دفاتر کے ساتھ کام کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کی جانے والی اس اسکریننگ میں ماضی میں منشیات کے استعمال جیسے حساس موضوعات کی تحقیقات بھی شامل تھیں۔

Concentric advisors نے ان الزامات کا اور اسکریننگ کے عمل کا دفاع کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کا مقصد امیدوار کی سچائی اور بلیک میلنگ کے خطرہ کا اندازہ لگانا ہے۔ کمیٹی نے زور دے کر کہا کہ انٹرویوز کے دوران جمع کی گئی تمام معلومات، کلائنٹس کے ساتھ شیئر نہیں کی جاتیں یا ملازمت کے فیصلوں کا تعین کرنے کے لیے انہیں استعمال نہیں کیا جاتا۔

اسی دوران گیٹس وینچرز نے جنسی زندگی کے بارے میں واضح سوالات سے متعلق لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خدمات کے حصول کا عمل ہر امیدوار کا احترام کرتا اور نامناسب رویے کے لیے صفر رواداری رکھتا ہے۔

یہ مکروہ رپورٹ بل گیٹس کی تنازعات کی تاریخ میں اضافہ کرتی ہے، جس میں سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری اپسٹن کے ساتھ ان کی وابستگی بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ گیٹس کو 2019ء میں اس وقت جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ایک ملازمہ نے ان کے ساتھ جنسی تعلقات کا الزام لگایا تھا جس کے نتیجہ میں انہیں مائیکرو سافٹ کے بورڈ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ اس تنازعہ کی خوشگوار یکسوئی کے دعوؤں کے باوجود سوالات برقرار ہیں۔