سوشیل میڈیا

بندوق کی نوک پر فارچیونر کار چھین لی گئی، ویڈیو وائرل

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شکایت کنندہ، راہول جو یوپی کے ضلع میرٹھ کا رہنے والا ہے، نے بتایا کہ تین نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور بندوق کی نوک پر اس کی سفید ٹویوٹا فارچیونر کار چھین کر فرار ہوگئے۔

نئی دہلی: جنوب مغربی دہلی کے کنٹونمنٹ علاقے میں تین افراد نے بندوق کی نوک پر ایک 35 سالہ شخص کی کار لوٹ لی، پولیس نے یہ بات بتائی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح پیش آیا۔ صبح 5.19 بجے دہلی کینٹ پولیس اسٹیشن کو نیشنل ہائی وے8 پر جھریرا گاؤں کے قریب کار جیکنگ کی اطلاع ملی۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شکایت کنندہ، راہول جو یوپی کے ضلع میرٹھ کا رہنے والا ہے، نے بتایا کہ تین نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور بندوق کی نوک پر اس کی سفید ٹویوٹا فارچیونر کار چھین کر فرار ہوگئے۔

اس واقعے کی ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پولیس عہدیدار نے مزید بتایا کہ دہلی کینٹ پولیس اسٹیشن میں دفعہ 397 (ڈکیتی، سنگین چوٹ پہنچانے کی کوشش کے ساتھ) اور تعزیرات ہند کی دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

سوشیل میڈیا میں زیرگشت ویڈیو میں، راہول کو اپنی سفید فارچیونر کار کو ایک جگہ پارک کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ تھوڑی ہی دیر میں وہاں تین افراد پہنچے اور بندوق کی نوک پر اس کی کار چھین لی۔ وہ ایک موٹر سائیکل پر وہاں آئے تھے۔

جب ایس یو وی کا مالک راہول گاڑی سے باہر آیا تو سرخ ٹی شرٹ پہنے ہوئے ایک شخص نے اپنی جیب سے پستول نکالی اور اسے دھمکی دی۔ اس کے دیگر دو بندوق بردار ساتھی بھی آئے اور تینوں گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گئے۔