مہاراشٹرا

ممبئی ایئر پورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی

مہاراشٹر میں ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمنل 2 کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کا ای میل موصول ہوا ہے جبکہ تاوان میں بٹ کوائن کی شکل میں 10 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ممبئی: مہاراشٹر میں ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمنل 2 کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی کا ای میل موصول ہوا ہے جبکہ تاوان میں بٹ کوائن کی شکل میں 10 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد مقامی سہار تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے کے ساتھ ہی ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ جمعرات کے روز ہوائی اڈے کے فیڈ بیک ان باکس میں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی جس میں بھیجنے والے نے ایئر پورٹ کی ٹرمنل 20 پر دھماکہ کو ٹالنے کے لئے 48 گھنٹے کے اندر بٹ کوائن کی شکل میں 10 لاکھ ڈالر کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ ہوائی اڈے کے لئے آخری وارننگ ہے۔ اگر 10 لاکھ امریکی ڈالر بٹ کوائن ایڈریس پر منتقل نہیں کیے گئے تو ہم ٹرمنل 2 کو 48 گھنٹے میں دھماکے سے اڑا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای میل موصول ہونے کے بعد ممبئی ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے نامعلوم ای میل ارسال کنندہ کے خلاف سہار تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت کی بنیاد پر، تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 385، دفعہ 505 (1) (بی) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (MIAL) چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا آپریشن سنبھالتی ہے۔