دہلی

19 مقامات پر این آئی اے کے چھاپے، اسلامک اسٹیٹ بیلاری ماڈیول کے 8 کارندے گرفتار

نئی دہلی میں این آئی اے ترجمان نے بتایا کہ این آئی اے کی کئی ٹیموں نے کرناٹک کے بیلاری‘ بنگلورو‘ مہاراشٹرا کے امراوتی‘ ممبئی‘ پونے‘ جھارکھنڈ کے جمشیدپور اور بوکارو میں 19 مقامات کی تلاشی لی۔

نئی دہلی: بڑی کارروائی میں نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) نے پیر کے دن 19 مقامات کی تلاشی لی اور ممنوعہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے بیلاری ماڈیول کے 8 کارندوں بشمول اس کے لیڈر منہاج کو گرفتار کرلیا۔

متعلقہ خبریں
یوگانڈا کے اسکول پر داعش کا حملہ‘ 40 ہلاک

اس نے دہشت گرد سرگرمیوں کا ان کا منصوبہ ناکام کردیا۔ یہ ماڈیول خاص طورپر آئی ای ڈی دھماکے کرنے کا منصوبہ رکھتا تھا۔

نئی دہلی میں این آئی اے ترجمان نے بتایا کہ این آئی اے کی کئی ٹیموں نے کرناٹک کے بیلاری‘ بنگلورو‘ مہاراشٹرا کے امراوتی‘ ممبئی‘ پونے‘ جھارکھنڈ کے جمشیدپور اور بوکارو میں 19 مقامات کی تلاشی لی۔

دھاوؤں میں آئی ایس آئی ایس کے 8 ایجنٹس گرفتار کئے گئے۔ یہ سبھی محمد سلیمان عرف منہاج کی قیادت میں کام کررہے تھے۔

این آئی اے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ تلاشی کے دوران سلفر‘ پوٹاشیم نائٹریٹ‘ چارکول‘ گن پاؤڈر جیسا دھماکو مادہ‘ غیرمحسوب نقد رقم‘ قابل اعتراض کاغذات‘ اسمارٹ فونس اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمین آئی ای ڈی بنانے کے لئے دھماکو مادہ استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔

ملزمین اینکرپٹیڈ ایپس کے ذریعہ ایک دوسرے سے مسلسل ربط میں تھے۔ وہ دہشت گرد سرگرمیوں کے لئے کالج کے طلبا کو بھرتی کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ این آئی اے عہدیدار نے بتایا کہ آج مارے گئے چھاپوں میں کرناٹک پولیس‘ مہاراشٹرا پولیس‘جھارکھنڈ پولیس اور دہلی پولیس کی مدد لی گئی۔

این آئی اے نے اسلامک اسٹیٹ بیلاری ماڈیول کے خلاف 14 دسمبر کو کیس درج کیا تھا۔ حالیہ مہینوں میں وہ اسلامک اسٹیٹ کے مختلف ماڈیول بے نقاب کرچکی ہے۔

اس کے چھاپوں میں کئی کارندے گرفتار ہوچکے ہیں۔ این آئی اے ترجمان نے بتایا کہ منہاج اور سید سمیر کو بیلاری سے‘ انس اقبال شیخ کو ممبئی سے‘ محمد منیرالدین‘ سید سمیع اللہ اور محمد مزمل کو بنگلورو سے‘ شایان رحمن عرف حسین کو دہلی سے اور محمد شہباز عرف ذوالفقار کو جمشید پور سے گرفتار کیا گیا۔