اب مغربی بنگال کے سرکاری اسکول میں حجاب تنازعہ
ترجمان نے کہاکہ حکام نے اسکول کے ہرطالب علم سے کہاہے کہ وہ ڈریس کوڈ پرعمل کرے تاکہ کوئی جھگڑا نہ ہو۔ اسکول حکام کی طرف سے جانکاری ملنے پر پولیس کا دستہ فوری وہاں پہنچ گیا۔

کولکتہ: مغربی بنگال کے ضلع ہوڑہ کے ایک سرکاری اسکول میں طلبہ کے دوگروپس میں ٹکراؤ ہوگیا۔ ایک گروپ امتحان کے دوران گلے میں بھگواشال ڈالنے کی اجازت مانگ رہاتھا کیونکہ بعض لڑکیاں حجاب میں امتحان دینے آئی تھیں۔
واقعہ کے ویڈیومیں چند طلبہ کے ایک چھوٹے گروپ کو جس کے ساتھ کچھ اورلوگ بھی ہیں گلے میں بھگوا شال ڈالے اسکول کی گیٹ کے باہراکٹھادیکھاجاسکتاہے جبکہ اسکول کے اندر طلبہ کاایک اور گروپ موجودہے۔
کوایجوکیشن اسکول کے حکام اورپولیس بھی موجود ہے تاکہ دونوں گروپس میں ہاتھاپائی کو روکا جائے۔ نیوز ایجنسی’پی ٹی آئی‘ منگل کے دن بنائے گئے اس ویڈیوکی صداقت کی آزادانہ توثیق نہیں کرتی لیکن اسکول کے ترجمان نے کہاکہ 5طلبہ منگل کے دن بارہویں جماعت کا پری بورڈ امتحان دینے گلے میں بھگواشال ڈالے اسکول کمپاؤنڈ میں داخل ہوناچاہتے تھے۔
ان کا دعویٰ تھاکہ ان کے ساتھ پڑھنے والی لڑکیاں گزشتہ دن حجاب میں امتحان دینے آئی تھیں۔ ترجمان نے کہاکہ حکام نے اسکول کے ہرطالب علم سے کہاہے کہ وہ ڈریس کوڈ پرعمل کرے تاکہ کوئی جھگڑا نہ ہو۔ اسکول حکام کی طرف سے جانکاری ملنے پر پولیس کا دستہ فوری وہاں پہنچ گیا۔
اس نے گیٹ کے باہر کھڑے طلبہ اورگیٹ کے اندر موجودطلبہ کو سمجھایا۔ آج کا امتحان ملتوی ہوگیا۔چہارشنبہ کے دن میٹنگ میں بچوں کے والدین‘ مینجمنٹ کمیٹی‘ ہیڈ ماسٹراورٹیچر انچارج موجود تھے۔ سبھی نے صورتحال کومعمول پر لانے پر آمادگی ظاہر کی۔