سوشیل میڈیا

عمران خان کی دوسری اہلیہ ریحام خان نے تیسری شادی کرلی، نیا شوہر کون ہے؟

ریحام خان نے جو اب 49 برس کی ہوگئی ہیں اور امریکہ میں مقیم ہیں، ٹویٹر پر پوسٹ کیا کہ ہم نے سیاٹل میں مرزا بلال کے والدین اور میرے فرزند کے روبرو ان کی دعاؤں کے زیر سایہ ایک خوبصورت تقریب میں نکاح کیا ہے۔

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے جمعہ کو اعلان کیا کہ انہوں نے امریکہ میں ایک تقریب میں ماڈل اور اداکار مرزا بلال بیگ سے شادی کرلی ہے۔

ریحام خان نے جو اب 49 برس کی ہوگئی ہیں اور امریکہ میں مقیم ہیں، ٹویٹر پر پوسٹ کیا کہ ہم نے سیاٹل میں مرزا بلال کے والدین اور میرے فرزند کے روبرو ان کی دعاؤں کے زیر سایہ ایک خوبصورت تقریب میں نکاح کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بالآخر ایک شخص @MirzaBilal  مل گیا جس پر میں بھروسہ کرسکتی ہوں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر کے ساتھ یہ بات کہی جن میں ریحام خان شادی کے سفید گاؤن میں نظر آرہی ہیں جبکہ ان کے 36 سالہ شوہر بلال کو ہلکے جامنی رنگ کے سوٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل ریحام خان نے اپنی شادی کا اعلان ہاتھوں کے جوڑ کی ایک خوبصورت تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اس کے ساتھ ’’جسٹ میریڈ‘‘ کے الفاظ لکھ کر کیا تھا۔

امریکہ میں مقیم کارپوریٹ پروفیشنل اور سابق ماڈل مرزا بلال بیگ کی بھی یہ تیسری شادی ہے۔

واضح رہے کہ 2015 میں پاکستانی-برطانوی ٹیلی ویژن صحافی ریحام خان نے اس سال جنوری میں عمران خان کے ساتھ اسلام آباد میں ان کے گھر پر ایک تقریب میں شادی کی تھی لیکن دس ماہ بعد ان میں طلاق ہوگئی۔

طلاق کے بعد ریحام نے انکشاف کیا کہ وہ عمران خان کی پہلی بیوی جمائما کی طرح پاکستان میں نفرت کی مہم کا نشانہ بنی تھیں اور ان کی شادی اس سے بچ نہیں پائی تھی۔

ریحام خان 1973 میں لیبیا کے شہر اجدابیہ میں پیدا ہوئیں۔ پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 90 کی دہائی کے وسط میں برطانیہ میں ایک براڈکاسٹ جرنلسٹ کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔

سال 2012 میں پاکستان منتقل ہونے کے بعد ان کی ملاقات عمران خان سے ایک مقامی ٹی وی شو کے لئے انٹرویو کے دوران ہوئی۔ اس سے قبل جولائی میں ریحام خان نے ایک پاکستانی یوٹیوب شو جی سرکار میں مہمان کی حیثیت سے شرکت کی تھی جہاں انہوں نے دوبارہ محبت کی تلاش کے بارے میں بات کی تھی۔

اپنی شادی کے منصوبوں کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ریحام نے کہا تھا کہ انہیں ان کے خاندان کے ایک فرد نے جو دست شناس بھی ہیں، بتایا تھا کہ وہ حقیقت میں ایک اور شادی کریں گی۔

دوسری طرف عمران خان نے اپنی تیسری شادی بشریٰ وٹو سے کی ہے  جو ایک پیری و مرشدی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔