سوشیل میڈیا

آگرہ میں راون اور دیگر کے پتلے تیار کرنے جعفر علی مدعو

علی جو فنکاروں کے خاندان کی پانچویں نسل سے ہیں، نے کہا کہ آگرہ رام لیلا کمیٹی کے ارکان نے ہمیں پتلے تیار کرنے مدعو کیا ہے اور مختلف سائز کے تمام پتلوں کی تیاری کے لیے تقریباً ایک ماہ رام لیلا گراؤنڈ میں قیام کرتے ہیں۔

آگرہ: ہر سال دسہرہ سے ایک ماہ قبل 75 سالہ جعفر علی اپنے افرادِ خاندان کے ساتھ یہاں رام لیلا کے لیے لنکا کے راجہ راون اور اس کے بھائیوں کے پتلے تیار کرنے کا بڑا کام شروع کردیتے ہیں۔

علی جو فنکاروں کے خاندان کی پانچویں نسل سے ہیں، نے کہا کہ آگرہ رام لیلا کمیٹی کے ارکان نے ہمیں پتلے تیار کرنے مدعو کیا ہے اور مختلف سائز کے تمام پتلوں کی تیاری کے لیے تقریباً ایک ماہ رام لیلا گراؤنڈ میں قیام کرتے ہیں۔

رام لیلا پروگرام کے اختتام پر کمیٹی علی اور ان کے خاندان کو تہنیت بھی پیش کرتی ہے۔ اپنی مہارت کے بارے میں لب کشائی کرتے ہوئے فن کاروں کے خاندان کے معمر رکن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اس پیشہ سے وابستہ ہیں۔

ہماری نسل کی پانچویں پشت یہی کام کررہی ہے۔ وہ اپنے باپ اور دادا کے ساتھ یہ کام انجام دیتے تھے اور اب ان کی قیادت میں دیگر ارکانِ خاندان یہی کام انجام دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان کے ارکانِ خاندان کی تعداد 18 ہے اور وہ سب پتلے بنانے کے ماہر ہیں۔

کووڈ 19 وبا کے سبب دو سالہ وقفہ کے بعد اس سال رام لیلا میں راون کا پتلا تقریباً 100 فٹ اونچا ہوگا اور اس کے بھائیوں کمبھ کرن اور میگھ ناتھ کے پتلے بالترتیب 65 اور 60 فٹ اونچے ہوں گے۔ دیگر پتلوں کی اونچائی ارکانِ کمیٹی کے مطالبہ پر منحصر ہوگی۔