سوشیل میڈیا

جدہ: سیلابی پانی میں پھنسے شخص کی نماز کی ویڈیو توجہ کا مرکز

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے نماز ادا کرنے والے شخص کے بیٹے رعد کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو ایک پڑوسی نے بنایا ہے اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ وہ ہمارے والد کی ویڈیو بنا رہا ہے۔

جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں میں دو روز قبل ہونے والی طوفانی بارش کے دوران ایک شہری کی سیلابی ریلے کے درمیان نماز ادا کرنے کی ویڈیو عوام کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

سیلابی ریلے میں نماز کی ادائیگی کی یہ ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل رہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ایک پتھر پر نماز ادا کررہا ہے جبکہ اس کے اردگرد سیلابی پانی کا بہاؤ ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے، ساتھ ہی اس شخص کے ساتھ ایک گاڑی بھی بڑے پتھر کی وجہ سے ٹھہری ہوئی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے نماز ادا کرنے والے شخص کے بیٹے رعد کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو ایک پڑوسی نے بنایا ہے اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ وہ ہمارے والد کی ویڈیو بنا رہا ہے۔

بیٹے نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم گھر پر تھے، جب حوش العمارہ میں بارش کے بعد سیلابی ریلے کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے ہم اپنی کار کو گھر کے اندر لانے کی بھرپور کوشش کر رہے تھے۔

رعد نے مزید کہا کہ سیلاب ریلے کا بہاؤ اچانک بڑھ گیا، جب میں نے والد کو دیکھا تو میں نے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی اور انہیں بچانے کے لیے کوشش کی اور کچھ پتھر کی مدد سے باہر نکالا۔

رعد کا کہنا تھا کہ میں والد تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، گاڑی میں میرا بھائی ان کے ساتھ تھا، میں اپنے بھائی کو گاڑی سے نکالنے میں کامیاب ہو گیا لیکن والد سیلاب کی شدت کی وجہ سے میرے ہاتھ سے پھسل گئے۔

نماز ادا کرنے والے شخص کے بیٹے نے مزید بتایا کہ تاہم والد دوسری گاڑی کی مدد سے گرل پر چڑھ گئے، جب ظہر کی نماز کا وقت ہوا تو انہوں نے وہیں نماز پڑھنا شروع کردی۔