سوشیل میڈیا

انڈمان کے قریب سمندر میں 100 سے زائد روہنگیا مسلمان پھنسے ہوئے ہیں: رپورٹ

روہنگیا مسلمان ہر سال‘ میانمار میں تشدد سے بچنے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر کشتیوں میں سوار بنگلہ دیش کے پناہ گزیں کیمپس پہنچتے ہیں۔ ان میں سے کئی ملائشیا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ممبئی: انڈمان جزائر کے قریب کم از کم 100روہنگیا نسل کے افراد ایک کشتی پر پھنسے ہوئے ہیں اور بھوک، پیاس یا غرقابی سے زائد از 16تا 20 روہنگیاؤں کی موت کا اندیشہ ہے۔ میانمار روہنگیا کے دو جہد کار گروپس نے یہ بات کہی۔

روہنگیا مسلمان ہر سال‘ میانمار میں تشدد سے بچنے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر کشتیوں میں سوار بنگلہ دیش کے پناہ گزیں کیمپس پہنچتے ہیں۔ ان میں سے کئی ملائشیا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ منگل کے روز پانچ ہندوستانی جہاز‘ پھنسی ہوئی کشتی تک پہنچے۔

 ہندوستانی بحریہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ان کے پاس تفصیلات نہیں ہیں۔ کوسٹ گارڈ کے ایک ترجمان نے رائٹر کی درخواست پر بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

میانمار کے روہنگیاؤں کی مدد کے لیے کام کرنے والے اراکان پروجیکٹ کے ڈائرکٹر کرس لیوا نے کہا کہ ہمارے اندازے کے مطابق غالباً زائد از 20 افراد کی موت ہوچکی ہے، ان میں سے کچھ بھوک اور پیاس سے اور دیگر مایوسی کے عالم میں کشتی سے چھلانگ کر لقمہ اجل بن گئے۔ یہ واقعی خوفناک اور شرمناک ہے۔

“ ایشیا پیسیفک ریفیوجی رائٹس نیٹ ورکس  کے روہنگیا ورکنگ گروپ نے کہا کہ یہ گروپ دو ہفتوں سے بھٹک رہا ہے۔ کل رات دیر گئے ہم نے سنا کہ کچھ ہندوستانی جہاز کشتی تک پہنچ رہے ہیں، لہٰذا ہم تازہ جانکاری کے منتظر ہیں۔

“ ہمیں امید ہے کہ ہندوستانی بحریہ یا کوسٹ گارڈ انہیں بچاکر جلد از جلد کشتی سے اتارنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ یہ لوگ دو ہفتوں سے بغیر غذااور پانی کے ایک ناقص کشتی میں بھٹک رہے ہیں۔ ہم نے سنا کہ 16افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ایک اور کشتی جس میں 100روہنگیا سوار تھے، کو سری لنکا کی بحریہ نے بچالیا۔