دہلی

یکساں ڈریس کوڈ‘ پی آئی ایل کی فوری سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

کرناٹک ہائی کورٹ نے ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر امتناع کو برخاست کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اُپادھیائے نے کہا کہ بظاہر یہ معاملہ یکساں ڈریس کوڈ سے متعلق ہے۔ بنچ نے ان سے کہا کہ ہم نے آپ سے کئی مرتبہ کہا ہے۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج مفادِعامہ کی ایک درخواست کی ہنگامی سماعت کرنے سے انکار کردیا جس کے ذریعہ مرکز اور ریاستوں کو یہ ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی کہ وہ رجسٹرڈ تعلیمی اداروں میں ارکان ِ عملہ اور طلبا کے لئے یکساں ڈریس کوڈ نافذ کریں تاکہ مساوات قائم کی جاسکے اور بھائی چارہ و قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہو۔

 چیف جسٹس این وی رمنا کی زیرصدارت بنچ سے وکیل اشوینی اُدپادھیائے نے گزارش کی کہ ان کی مفادِ عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) کو بھی سماعت کے لئے فہرست میں اسی طرح شامل کیا جائے جس طرح حجاب تنازعہ پر کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف متعدد اپیلوں کی سماعت کو شامل کیا گیا ہے۔

 بنچ نے جس میں جسٹس کرشنا مراری اور جسٹس ہیما کوہلی بھی شامل تھے‘ چہارشنبہ کے روز وکیل پرشانت بھوشن کے بیانات کا نوٹ لیا اور کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت آئندہ ہفتہ مقرر کرنے سے اتفاق کیا۔

 واضح رہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر امتناع کو برخاست کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اُپادھیائے نے کہا کہ بظاہر یہ معاملہ یکساں ڈریس کوڈ سے متعلق ہے۔ بنچ نے ان سے کہا کہ ہم نے آپ سے کئی مرتبہ کہا ہے۔

ہمیں یہ بات دُہرانے پر مجبور نہ کریں۔ آپ ہر روز ایک پی آئی ایل داخل کرتے ہیں۔ آپ نے کتنے معاملات داخل کئے ہیں جیسا کہ باقاعدہ مقدمہ بازی دستیاب نہیں ہے۔ آپ ہر کیس میں آتے ہیں اور (کسی نہ کسی چیز) کا ذکر کرتے ہیں۔ اس معاملہ کی سماعت کچھ دنوں میں ہوگی‘ انتظار کریں۔