سوشیل میڈیا

حج کے لئے پیدل عازم سفر شہاب چتور کو ویزا دینے سے پاکستان کا انکار

شاہی امام نے کہا کہ اب جب شہاب چتور تقریباً 3000 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کر کے سرحد پر پہنچ چکے ہیں تو حکومت پاکستان نے ویزا جاری کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

نئی دہلی: کیرالا سے مکہ مکرمہ حج کے لئے جانے والے پیدل عازم سفر شہاب چتور کو پاکستان نے ویزا دینے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد مسلم برادری میں حکومت پاکستان کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے۔

پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ حکومت پاکستان نے شہاب چتور کو پاکستان کا ویزا دینے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کیرالا کے عازم حج شہاب چتور کو اندھیرے میں رکھنے پر حکومت پاکستان پر شدید تنقید کی۔

اُنہوں نے کہاکہ جب شہاب چتور اٹاری بارڈر پر پہنچے تو پاکستانی سفارتخانہ نے سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر انہیں ویزا دینے سے انکار کردیا۔

شہاب چتور جو کانجی پورہ چتور (کیرالہ) کے رہنے والے ہیں، پیدل حج کیلئے ملاپورم سے مکہ تک 280 دن کے طویل سفر  پر نکلے تھے۔ شہاب کا منصوبہ 8 ماہ میں 6 ممالک کو عبور کرنے کے بعد مکہ مکرمہ پہنچنے کا ہے۔

مولانامحمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے کہا کہ ’’سب سے پہلے پاکستانی سفارتخانہ نے شہاب چتور کو سفر جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ (شہاب چتور) جب ہندوستان۔پاکستان سرحد پر پہنچ جائیں گے تو انہیں ویزا دیا جائے گا۔‘‘

ایمبیسی نے یہ منطق دی تھی کہ اگر پہلے سے دیا جائے تو ویزا ختم ہو جائے گا۔ اس لیے جیسے ہی شہاب چتور سرحد پر پہنچیں گے ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ شاہی امام نے کہا کہ اب جب شہاب چتور تقریباً 3000 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کر کے سرحد پر پہنچ چکا ہے تو حکومت پاکستان نے ویزا جاری کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔