شمالی بھارت

گجرات: 10 بار کے کانگریس ایم ایل اے موہن رتھوا کی بی جے پی میں شمولیت؟

انہوں نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ اس بار گجرات الیکشن نہیں لڑیں گے لیکن وہ اپنے بیٹے راجندر سنگھ رتھوا کو اپنی سیٹ سے لڑتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

احمد آباد: گجرات میں 10 بار کانگریس کے ایم ایل اے رہنے والے موہن سنگھ رتھوا نے وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست میں اندرون ایک ماہ منعقد شدنی اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی چھوڑ دی ہے۔ واضح رہے کہ گجرات میں کانگریس گذشتہ دو دہائیوں سے اقتدار حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 78 سالہ موہن سنگھ رتھوا کل بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ایم ایل اے، جو چھوٹا ادے پور (درج فہرست قبائل یا ایس ٹی) حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، نے اپنا استعفیٰ گجرات کانگریس کے سربراہ جگدیش ٹھاکر کو بھیج دیا ہے۔

موہن سنگھ رتھوا اپنے گڑھ میں قبائلیوں میں مقبول ہیں۔ 2012 سے پہلے وہ چھوٹا ادے پور ضلع میں پاوی-جیٹ پور (ایس ٹی) حلقہ کی نمائندگی کرتے تھے۔

انہوں نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ اس بار گجرات الیکشن نہیں لڑیں گے لیکن وہ اپنے بیٹے راجندر سنگھ رتھوا کو اپنی سیٹ سے لڑتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ نارن رتھوا نے بھی اسی سیٹ سے اپنے بیٹے کے لئے ٹکٹ کا مطالبہ کیا ہے۔