سوشیل میڈیا

بیوی کی لاش کندھے پر اٹھائے کئی کیلومیٹر چلنے والے شخص کے لئے پولیس نے کیا ایمبولینس کا انتظام

وہاں کے ڈاکٹروں نے پنگی کو تقریباً 100 کلومیٹر دور اپنے گھر واپس چلے جانے کا مشورہ دیا۔ یہ جوڑا آٹو رکشا میں سفر کر رہا تھا لیکن گاؤں واپس آتے ہوئے وجیا نگرم کے قریب ایدے گرو کی موت ہوگئی۔

بھوبنیشور: اوڈیشہ کا ایک شخص پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے اپنی بیوی کی لاش کو کندھے پر لے کر گھر پیدل جارہا تھا اور جب اسے سڑک پر دیکھا گیا تو پولیس نے اسے ایمبولینس فراہم کی۔

ساملو پنگی، جو اڈیشہ کے کوراپٹ ضلع کے پوتنگی کا رہنے والا ہے، آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھاپٹنم کے ایک اسپتال میں اپنی شدید بیمار بیوی، ایدے گرو کو علاج کے لئے لے گیا تھا تاہم ڈاکٹرس نے اسے اپنی بیوی کو واپس گھر لے جانے کا مشورہ دیا کیونکہ اس کی حالت بہت نازک تھی اور اس پر علاج کا کوئی اثر نہیں ہورہا تھا۔

وہاں کے ڈاکٹروں نے پنگی کو تقریباً 100 کلومیٹر دور اپنے گھر واپس چلے جانے کا مشورہ دیا۔ یہ جوڑا آٹو رکشا میں سفر کر رہا تھا لیکن گاؤں واپس آتے ہوئے وجیا نگرم کے قریب ایدے گرو کی موت ہوگئی۔

آٹو میں جب ایدو گرو مرگئی تو آٹو ڈرائیور نے سفر جاری رکھنے سے انکار کر دیا اور انہیں چیلورو رنگ روڈ پر اپنے آٹو سے نیچے اتار دیا۔

کوئی اور راستہ نہ پا کر مجبور پنگی، اپنی بیوی کی لاش کو کندھے پر اٹھائے گھر کی طرف روانہ ہوا۔ جب اس نے چلنا شروع تو اس کا گھر ابھی 80 کلومیٹر دور تھا۔

جب پنگی اپنی بیوی کی لاش کو کندھے پر لے کر کئی کلومیٹر پیدل چل پڑا تو کچھ مقامی لوگوں نے اسے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔

اس کے بعد دیہی سرکل انسپکٹر ٹی وی تروپتی راؤ اور گنتیاڈا سب انسپکٹر کرن کمار موقع پر پہنچے اور اسے روک لیا۔

ابتدائی طور پر آندھرا پردیش پولیس نے پنگی سے بات کرنے میں کافی دقت محسوس کی کیونکہ وہ اس کی زبان سمجھ نہیں پارہے تھے۔ بعد میں اوڈیہ زبان سمجھنے والے ایک اور شخص کی مدد سے پولیس والوں کو پنگی کی المناک کہانی کا علم ہوا۔

جیسے ہی پولیس والوں کو پتہ چلا کہ وہ اپنی بیوی کی لاش کندھے پر اٹھائے کئی کیلومیٹر دور پیدل اپنے گھر جانے کا ارادہ رکھتا ہے تو انہوں نے ایک ایمبولینس کا انتظام کیا اور پنگی کو اس کی بیوی کی لاش کے ہمراہ اس کے گھر روانہ کردیا۔