سوشیل میڈیا

ڈائن ہونے کا شبہ، بیٹے نے ماں کو مار ڈالا، بھوپال کے مسلم خاندان کا افسوسناک واقعہ

والدہ اسما ہمیشہ فرحان سے کہتی تھیں کہ وہ پہلے ملازمت تلاش کرے، اس کے بعد اس کی شادی کی جائے گی۔ فرحان کامرس گریجویٹ بتایا جاتا ہے۔جب اس کے بھائی اور بھابھی گھر واپس آئے تو فرحان نے انہیں بتایا کہ ماں چھت سے گر گئی ہے۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے بھوپال میں ایک 32 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی ماں پر ڈائن ہونے کا الزام لگا کر اسے قتل کر ڈالا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی ماں اس کی شادی ہونے نہیں دے رہی تھی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

کوہِ فضا پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پردیپ گرجر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ عبدل احمد فرحان نے منگل کی رات دیر گئے اپنی والدہ اسماء فرخ (67) کو کرکٹ بیٹ اور لوہے کے پائپ سے مارا ڈالا۔

گرجر نے بتایا کہ فرحان کو یہ لگتا تھا کہ اس کی ماں اس کی شادی کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ اس بات پر دونوں میں روزانہ جھگڑے ہوتے تھے۔ منگل کی رات جب اس کا بھائی اور بھابھی گھر پر نہیں تھے تو فرحان نے ماں کے ساتھ جھگڑا کیا اور اس دوران اپنی ماں کو مار ڈالا۔

والدہ اسما ہمیشہ فرحان سے کہتی تھیں کہ وہ پہلے ملازمت تلاش کرے، اس کے بعد اس کی شادی کی جائے گی۔ فرحان کامرس گریجویٹ بتایا جاتا ہے۔

جب اس کے بھائی اور بھابھی گھر واپس آئے تو فرحان نے انہیں بتایا کہ ماں چھت سے گر گئی ہے۔ پولیس کو فوری طور پر بلالیا گیا۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو اسے حالات مشتبہ نظر آئے جس کے بعد فرحان سے پوچھ گچھ کی گئی۔

پوچھ گچھ پر فرحان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔  بتایا گیا ہے کہ فرحان انٹرنیٹ پر بدروحوں اور چڑیلوں کی ویڈیوز دیکھتا تھا۔ اس کے بعد وہ ماننے لگا تھا کہ اس کی ماں ایک ڈائن ہے اور وہ ہی اس کی شادی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔