سوشیل میڈیا

جج صاحب سے راست بات کرنے پر تین پولیس اہلکار معطل

یہ واقعہ دیوالی سے ایک دن قبل گزشتہ اتوار کو ضلع امبیڈکر نگر میں پیش آیا۔ معطلی کا حکم امبیڈکر نگر کے پولیس سربراہ نے اسی دن جاری کردیا۔ انہوں نے تینوں پولیس اہلکاروں کی اس حرکت کو نامعقول اور سنگین قرار دیا۔

لکھنؤ: اتر پردیش میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبلوں کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کے جج سے راست فون پر یہ پوچھنے پر معطل کر دیا گیا کہ ’’آپ کا گھر کہاں ہے اور آپ کو کہاں جانا ہے؟‘‘

یہ واقعہ دیوالی سے ایک دن قبل گزشتہ اتوار کو ضلع امبیڈکر نگر میں پیش آیا۔ معطلی کا حکم امبیڈکر نگر کے پولیس سربراہ نے اسی دن جاری کردیا۔ انہوں نے تینوں پولیس اہلکاروں کی اس حرکت کو نامعقول اور سنگین قرار دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس چیف نے تصدیق کی کہ تینوں پولیس اہلکار ابھی تک معطل ہیں۔

معطلی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تینوں پولیس اہلکار الہ آباد ہائی کورٹ کے جج، جسٹس پرکاش سنگھ کے لئے ایسکارٹ ڈیوٹی پر تھے جبکہ وہ گزشتہ اتوار کو ضلع کا دورہ کر رہے تھے۔ انہوں نے مبینہ طور پر جج سے براہ راست فون پر بات کی اور ان سے ان کے گھر کے بارے میں پوچھا اور یہ بھی پوچھا کہ انہیں کہاں جانا ہے۔

امبیڈکر نگر کے ایک سینئر پولیس اہلکار سریش کمار مشرا نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ پولیس اہلکاروں کی اس حرکت پر جج نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور اس کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ کو اس بات کی اطلاع دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی تینوں پولیس والوں کو معطل کر دیا گیا اور تفصیلی انکوائری کا حکم جاری کیا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ سوالات براہ راست جج سے نہیں پوچھنے چاہئیں تھے بلکہ پولیس اہلکاروں کو جج کے پروٹوکول کی نگرانی کرنے والوں سے یہ معلومات حاصل کرنی چاہئے تھیں۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان پولیس اہلکاروں کو جج کا ڈائریکٹ نمبر کیسے حاصل ہوا؟