شمالی بھارت
ٹرینڈنگ

10گوشت کی دکانات منہدم، نئے چیف منسٹر کے حکم پر کارروائی

مدھیہ پردیش کے نئے چیف منسٹر موہن یادو نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی گوشت اور مچھلی کی غیر قانونی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے شدید مہم چلانے کے احکام جاری کئے تھے۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے نئے چیف منسٹر موہن یادو نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی گوشت اور مچھلی کی غیر قانونی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے شدید مہم چلانے کے احکام جاری کئے تھے۔

جمعرات کے روز بھوپال میں گوشت کی تقریباً 10 دکانات کو منہدم کردیاگیا۔ حکومت نے اسی دن تین افراد کے مکانات بھی مسمار کردیئے جن پر ایک بی جے پی کارکن پر حملہ کرنے کاالزام تھا۔ نئی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ بلڈوزر استعمال کیاگیاہے لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس ہندی ریاست میں حکومتوں کی جانب سے بلڈوزر استعمال کیاگیا ہو۔

مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان جنہیں عام طور پر ”ماما جی“ کے نام سے پکارا جاتاہے‘ انہوں نے جرائم کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی شروع کی تھی جس کے نتیجہ میں انہیں ”بلڈوزر ماما“ کا نام دیدیاگیاتھا۔

اپریل 2022 میں کھرگون میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے بعد چار مقامات پر 16مکانات اور 29 دکانات کو بلڈوزر کے ذریعہ گرادیاگیاتھا۔ حکومت ہریانہ نے بیسیوں مکانات اور دیگر ڈھانچوں کو منہدم کردیاتھا۔

شمال مغربی دہلی کے جہانگیر پوری میں 2022 میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے چند دن بعد بی جے پی زیر قیادت نارتھ دہلی میونسپل کارپوریشن کے حکم پر جہانگیر پوری میں کئی مکانات کو بلڈوزرکے ذریعہ گرادیاگیاتھا۔ اس کارروائیوں میں 7 بلڈوزروں نے حصہ لیاتھا۔