سوشیل میڈیا

ویڈیو: ترکیے کی بندرگاہ پر کارگو اتارنے کے دوران جہاز غرقاب

سوشیل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پورٹ لفٹ ٹرک کنٹینرز کو اتار رہا تھا جب کارگو جہاز ٹیڑھا ہونا شروع ہوگیا۔ جہاز کے قریب کھڑے لوگ سیٹی کی آواز سن کر فوراً وہاں سے دور ہٹ گئے۔

استنبول: ترکی میں ایک مصری مال بردار بحری جہاز الٹ کر غرقاب ہوگیا جس کے نتیجہ میں متعدد کنٹینرز سمندر کی تہہ میں جا پہنچے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سی ایگل نامی بحری مال بردار جہاز دیکھتے ہی دیکھتے ٹیڑھا ہوگیا اور وہ پلٹ کر پانی میں ڈوب گیا۔

https://twitter.com/WallStreetSilv/status/1572107630809694208

یہ جہاز ترکیے کی اسکندرون بندرگاہ پر لنگرانداز تھا جہاں کارگو کے بڑے بڑے کنٹینرس کو اتارنے کا کام جاری تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ ایک ویب سائٹ ٹریڈ ونڈس جو جہاز رانی کی خبروں کی رپورٹ کرتی ہے، نے یہ بات بتائی۔ یہ واقعہ ہفتہ کو پیش آیا، آؤٹ لیٹ نے مزید بتایا کہ یہ جہاز 1984 میں تعمیر کیا گیا تھا۔

سوشیل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پورٹ لفٹ ٹرک کنٹینرز کو اتار رہا تھا جب کارگو جہاز ٹیڑھا ہونا شروع ہوگیا۔ جہاز کے قریب کھڑے لوگ سیٹی کی آواز سن کر فوراً وہاں سے دور ہٹ گئے۔

اس کے بعد جہاز تیزی سے پانی میں ڈوب گیا جسے دیکھ عملے کے ارکان اور کارگو اتارنے والے لوگ حیران رہ گئے۔

ترکیے کی ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی وزارت نے بعد میں ٹویٹر پر کہا کہ کارگو جہاز سے 24 کنٹینرز غرقاب ہوگئے ہیں اور جہاز سے تیل کے معمولی رساؤ کا بھی پتہ چلا ہے۔

خوش قسمتی سے عملے کے تمام ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔

ایک اور آؤٹ لیٹ جی کیپٹن کے مطابق، حکومت نے بعد میں ایک بیان جاری کیا جس میں اس نے کہا کہ جہاز استحکام کے مسائل سے دوچار تھا اور اس میں توازن پیدا کرنے کی کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

ترکیے میں بندرگاہ کے حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دریں اثنا، جہاز کے ایندھن کو آف لوڈ کرنے اور کنٹینرس کو سمندر سے نکالنے آپریشن جاری ہے۔

یہ جہاز 17 ستمبر کو ترکیے کے شہر مرسین سے اسکندرون پہنچا تھا۔ عملے کے مطابق اس وقت تک جہاز کے تمام نظام معمول کے مطابق کام کر رہے تھے۔