حیدرآباد

بازار گھاٹ آتشزدگی: حادثہ کے وقت عمارت کا مالک وہیں موجود تھا، گرفتاری سے بچنے ہارٹ اٹیک کا بہانہ، دواخانہ میں شریک

شہر حیدرآباد کے علاقہ نامپلی کے محلہ بازار گھاٹ میں واقع بالاجی ریزیڈنسی میں آتشزدگی کے سانحہ کی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ عمارت کا مالک رمیش جیسوال اس وقت وہیں موجود تھا جب حادثہ پیش آیا۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے علاقہ نامپلی کے محلہ بازار گھاٹ میں واقع بالاجی ریزیڈنسی میں آتشزدگی کے سانحہ کی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ عمارت کا مالک رمیش جیسوال اس وقت وہیں موجود تھا جب حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پیش آئے اس حادثہ میں 9 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے تھے جن کا علاج جاری ہے۔ تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ عمارت کا مالک پورنی رمیش جیسوال اس وقت احاطے میں موجود تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ رمیش – جو سری بالاجی انٹرپرائزز کا بھی مالک ہے اور اپارٹمنٹ کے تہہ خانے میں انتہائی آتش گیر کیمیکل مادوں کا ذخیرہ رکھتا تھا- اور اس کے ملازم گودام کی صفائی میں مصروف تھے جب لفٹ سے متصل مین پینل بورڈ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔

جیسوال کے ساتھیوں میں سے ایک نے بتایا کہ جب اس نے مختلف فلیٹس میں موجود لوگوں کو اطلاع دینے کے لئے چیخنا چلانا شروع کیا تو عمارت کے مالک رمیش جیسوال اور اس کے دیگر ملازم احاطے میں ذخیرہ شدہ کیمیکل کے ڈبے اور ڈرمس ہٹانے پر توجہ دے رہے تھے حالانکہ ان کا کام تھا کہ وہ فوری طور پر مکینوں کی جان بچانے کے لئے کوئی قدم اٹھاتے۔

جب زبردست دھوئیں کی وجہ سے اسے سانس لینے میں دشواری ہونے لگی اور یہ محسوس ہوا کہ آگ قابو سے باہر ہو گئی ہے تو رمیش جیسوال موقع سے فرار ہو گیا۔

ایک ملازم نے جو اپنی شناخت مخفی رکھنا چاہتا ہے، بتایا کہ رمیش میری بائیک پر بیٹھ گیا۔ اس نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی اور دونوں ہاتھوں سے اپنے سر کو پکڑ لیا۔ پھر اچانک وہ بے ہوش ہو گیا۔ اس دوران وہ کہتا رہا کہ یہ کیا ہوگیا، یہ کیا ہوگیا۔

جب جیسوال کی صحت اور مبینہ طور پر دل کے دورے کے بارے میں سوال کیا گیا تو ملازم نے بتایا کہ میں یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ ہوش میں آنے کے بعد اس نے جائے وقوعہ پر موجود کچھ پولیس اہلکاروں سے بات کی۔ پھر اسے کسی کا فون آیا تو وہ وہاں سے غائب ہوگیا۔

پھر ہم متاثرین کو بچانے میں مصروف ہو گئے اور بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ رمیش جیسوال لکڑی کا پل کے ایک خانگی ہسپتال کے آئی سی یو میں ہے۔ اس ملازم نے مزید کہا کہ اس بارے میں معلومات کے لئے میرے بجائے ڈاکٹرس سے بات کریں تو بہتر ہوگا۔

بازار گھاٹ کے ہی رہنے والے ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ رمیش جیسوال ایک بااثر شخص ہے اور سیاسی قائدین سے اس کے گہرے تعلقات ہیں۔

اسی دوران نامپلی کے پولیس انسپکٹر بیگاری ابھیلاش نے بتایا کہ پولیس قانونی کارروائی کو آگے بڑھانے کے لئے جیسوال کی صحت یابی کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسپتال میں دو پولیس والوں کو تعینات کردیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں کا یہ کہنا ہے کہ جیسوال نے کاربن مونو آکسائیڈ میں سانس لی تھی اور اس کا انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں علاج چل رہا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت ہم اسے گرفتار نہیں کر سکتے اور نہ ہی اس کا بیان لے سکتے ہیں۔ ایک بار جب وہ صحت یاب ہو جائے گا تو ہم اسے حراست میں لے لیں گے۔