سوشیل میڈیاکرناٹک

مانع حمل گولی کے استعمال سے خاتون کی موت

خاتون کے بھائی نے بھی پولیس میں بیان دیا کہ پریتی کی موت مانع حمل گولی کھانے کے بعد پیچیدگیاں پیدا ہونے سے ہوئی۔ غیرفطری موت کا کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

بنگلورو: ایک 33سالہ خاتون کی مانع حمل کی گولی استعمال کرنے سے موت ہوگئی۔ خاتون نے یہ گولی ڈاکٹر کی تشخیص کے بغیر استعمال کی تھی۔ 11سالہ بچے کی ماں پریتی کشواہ ایک مشہور ای کامرس کمپنی میں ملازم تھی۔ اس کا شوہر خانگی کمپنی میں کام کرتا ہے۔

پولیس کے مطابق  10/ دسمبر کو میڈیکل چیک اپ کے دوران اس جوڑے کو حمل کے تعلق سے پتا چلا۔ چوں کہ پہلا بچہ ابھی بے حد چھوٹا ہے، خاتون نے حمل کو جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پھر اس نے شوہر کو مانع حمل کی گولی لانے کو کہا مگر اس نے انکار کردیا۔

پیر کی رات جب شوہر گھر سے باہر تھا، پریتی نے یہ گولی لاکر استعمال کرلی جس کے بعد حد سے زیادہ خون بہنے لگا اور ناقابل برداشت درد میں مبتلا ہوگئی۔ اس کے شوہر نے دواخانہ چلنے کے لیے اصرار کیا مگر اس نے انکار کردیا۔

 منگل کو وہ اچانک بے ہوش ہوگئی اور اس کے شوہر اور بھائی اسے دواخانہ لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں سازش کا امکان نظر نہیں آیا۔

 خاتون کے بھائی نے بھی پولیس میں بیان دیا کہ پریتی کی موت مانع حمل گولی کھانے کے بعد پیچیدگیاں پیدا ہونے سے ہوئی۔ غیرفطری موت کا کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔