بھارت

تاج محل میں مورتی کے ساتھ داخل ہونے سے روکنے پر تنازعہ

سیاح گوتم نے تاج محل کے احاطہ میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ عہدیداروں نے اسے سیکوریٹی وجوہات کے حوالہ سے مورتی کے ساتھ اندر جانے نہیں دیا۔ اس نے کہا کہ لڈو گوپال / بال کرشن رکن خاندان کی طرح ہے اور میں اسے ہمیشہ ساتھ رکھتا ہوں۔

آگرہ: جئے پور (راجستھان) کے ایک سیاح نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے بھگوان کرشن (بال کرشن) کی مورتی کے ساتھ تاج محل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ مقامی ہندو تنظیموں کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ سیاح کو روکنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ حکام کے خلاف احتجاج کریں گے۔

 محکمہ آثارِ قدیمہ (آگرہ) کے ایک عہدیدار نے کہا کہ وہ سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس(سی آئی ایس ایف) کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں پوچھے گا۔ سیاح گوتم نے تاج محل کے احاطہ میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ عہدیداروں نے اسے سیکوریٹی وجوہات کے حوالہ سے مورتی کے ساتھ اندر جانے نہیں دیا۔

اس نے کہا کہ لڈو گوپال / بال کرشن رکن خاندان کی طرح ہے اور میں اسے ہمیشہ ساتھ رکھتا ہوں۔ میں یہ مورتی لے کر متھرا اور ورنداون جاچکا ہوں‘ وہاں مجھے کسی نے بھی روکا نہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب ہندو تنظیمیں احتجاج کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاح کو روکنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ احتجاج کریں گی۔ تاج محل کے کنزرویشن اسسٹنٹ پرنس واجپائی نے کہا کہ مجھے بھی اس سلسلہ میں ایک ویڈیو ملا ہے لیکن مجھے پتہ نہیں کہ یہ واقعہ پیر کا ہے یا کسی اور دن کا۔ میں اس سلسلہ میں سی آئی ایس ایف والوں سے دریافت کروں گا۔

 راشٹریہ ہندو پریشد بھارت کے قومی صدر گووند پراشر نے کہا کہ بھگوان کی اہانت کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ہم احتجاج کریں گے۔