حیدرآباد

مودی کی ہفتہ کو آمد، پروگراموں میں شرکت نہ کرنے کے سی آر کا فیصلہ

ٹی آر ایس کی شدید تنقیدکے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی، سخت سیکوریٹی کے درمیان ہفتہ کے روز تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔

حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی، ہفتہ12 نومبر کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ، رام گنڈم میں فرٹیلائزر پلانٹ کو قوم کے نام معنون کرنے کے علاوہ ریاست میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے۔

مودی، ہفتہ کے روز ریاست کے ضلع پداپلی میں رام گنڈم کے مقام پر آر ایف سی ایل فرٹیلائزر پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ جسے6338 کروڑ روپے کے مصارف سے احیاء کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس پلانٹ سے کمرشیل پیداور، گزشتہ سال شروع ہوگئی تھی۔

وزیر اعظم نریندر مودی، بھدرا چلم روڈ سے ستوپلی تک54.1 کیلو میٹر طویل ریلوے لائن کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم، مختلف روڈ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان پروجیکٹس کیلئے2268 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ہفتہ کے روز ایر پورٹ آمد کے فوری بعد مودی، بیگم پیٹ میں ایک جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔ بی جے پی ذرائع نے یہ بات بتائی۔

دریں اثنا قیاس لگایا جارہا ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ اور سرکاری تقریب میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤت شرکت سے گریز کریں گے۔ کیونکہ حالیہ دنوں وزیر اعظم کے دورہ تلنگانہ میں کے سی آر، مودی کے ساتھ نہیں پائے گئے تھے۔

مرکزی وزیر کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت، گمراہ کن مہم چلا رہی ہیکہ مرکز نے چیف منسٹر کو دعوت نامہ روانہ کرنے کیلئے پروٹوکول پر عمل نہیں کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ طریقہ کار کے مطابق دوسری ریاستوں کی طرح تلنگانہ کے چیف منسٹر کو دعوت نامہ روانہ کیا گیا ہے۔

آئی اے این ایس کے مطابق لیفٹ جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے اعلان اور حکمراں جماعت ٹی آر ایس کی شدید تنقیدکے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی، سخت سیکوریٹی کے درمیان ہفتہ کے روز تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔

ضلع پداپلی کے رام گنڈم میں پولیس نے انتہائی سخت انتظامات کئے ہیں جہاں وزیر اعظم مودی رام گنڈم فرٹیلائزرس لمیٹڈ کا احیا کریں گے اور اس یونٹ کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ مودی، مختلف ہائی ویز کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی، رام گنڈم میں ایک جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم کے پروگراموں میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کے سی آر، وزیر اعظم نریندر مودی کا بیگم پیٹ ایر پورٹ پر خیر مقدم بھی نہیں کریں گے۔