ایشیاء

عمران خان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے تیقن مانگا

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ”ضمانت“ مانگی ہے کہ ملک میں عام انتخابات اپنے وقت مقررہ پرہوں گے۔

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ”ضمانت“ مانگی ہے کہ ملک میں عام انتخابات اپنے وقت مقررہ پرہوں گے۔

پاکستان کے ساتھ ایس بی اے معاہدہ کی امکانی توثیق کے لئے آئی ایم ایف ایکزیکیٹیوبورڈ میٹنگ سے چند دن قبل گلوبل لینڈرکہلانے والے آئی ایم ایف کے وفد نے جمعہ کے دن لاہور میں عمران خان سے ملاقات کی تھی تاکہ حال میں اعلان کردہ تین بلین امریکی ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کے تحت اہم مقاصد وپالیسیوں کی تائید حاصل کی جائے اور تیقن لیاجائے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف میں 29جون کو دیرینہ اسٹاف لیول ایگریمنٹ ہوگیاجس کے تحت پاکستان کی علیل معیشت میں تین بلین امریکی ڈالر کا سرمایہ لگے گا۔ کئی ماہ تک اس کیلئے بات چیت ہوتی رہی تاکہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایاجائے۔ آئی ایم ایف ایگزیکیٹیوبورڈ کی میٹنگ12جولائی کو ہوگی جس میں پاکستان کے لئے ایس بی اے کا جائزہ لیاجائے گا۔

ذرائع کے حوالہ سے جیونیوزچیانل نے ہفتہ کے دن اطلاع دی کہ عمران خان نے عام انتخابات کیلئے آئی ایم ایف سے تیقن مانگا جو اکتوبر میں ہونے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے آئی ایم ایف سے پوچھا کہ آپ کیا ضمانت دے سکتے ہیں کہ ملک میں الیکشن وقت مقررہ پر ہوگا؟۔

جانکاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نمائندوں نے جواب دیاکہ واشنگٹن میں قائم ادارہ ملک کی صورتحال پر قریبی نظررکھتا ہے لیکن وہ داخلی سیاسی معاملوں میں زیادہ مداخلت نہیں کرسکتا۔ جانکاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف عہدیداروں نے امید ظاہرکی کہ نگراں حکومت مقررہ وقت میں الیکشن کرادے گی۔آئی ایم ایف میٹنگ پر پاکستان میں تنقید ہوئی ہے۔

بعض قائدین نے اسے ملک کے داخلی امور میں مداخلت قراردیا ہے تاہم آئی ایم ایف کے مقامی نمائندہ نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں اس لئے کی جاتی ہیں کہ ان سے عام انتخابات سے قبل آئی ایم ایف کے امدادی پروگرام کے تحت اہم مقاصد اور پالیسیوں کیلئے تائید کا تیقن حاصل کیاجائے۔