شمالی بھارت

پنجاب میں ایک شخص کا گرنتھیوں پر حملہ‘ مقدس کتاب کی بے حرمتی (ویڈیو)

پنجاب کے مورنداٹاؤن میں ایک شخص نے مبینہ طورپر2سکھ مذہبی رہنماؤں پر حملہ کردیا اور ایک گردوارہ میں مقدس گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کی۔

روپانگر(پنجاب): پنجاب کے مورنداٹاؤن میں ایک شخص نے مبینہ طورپر2سکھ مذہبی رہنماؤں پر حملہ کردیا اور ایک گردوارہ میں مقدس گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کی۔

پنجاب پولیس نے جسویرسنگھ کوگرفتارکرلیاہے اور چیف منسٹربھگونت مان اوردیگرسیاسی جماعتوں کے قائدین نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اس واقعہ کی مذمت کی۔ اس واقعہ کاایک ویڈیو سوشیل میڈیاپرگردش کررہاہے۔

جس میں دیکھا جاسکتاہے کہ سنگھ کوتوالی صاحب گردوارہ میں ریلنگ عبورکرنے کے بعد مقدس علاقہ میں داخل ہوا اورپھر دوگرنتھیوں پر حملہ کردیاجوگروگرنتھ صاحب کاپاٹھ کررہے تھے۔

بعدازاں اس نے مقدس کتاب کوزمین پر پھینک دیا۔ بعدازاں وہاں موجود بھکتوں نے سنگھ پر قابوپالیا اوراسے مارپیٹ کی۔ بعدازاں اسے پولیس کے حوالہ کردیاگیا۔ اس واقعہ کی وجہ سے مقامی عوام میں برہمی کی لہر دوڑ گئی اوروہ مورنداپولیس اسٹیشن کے روبرو جمع ہوگئے اوروہاں احتجاج کیا۔

انہوں نے ملزم کے خلاف سخت کاروائی کرنے کامطالبہ کیا۔ اس واقعہ کے خلاف بطوراحتجاج مورندا میں بازاربند رکھاگیا۔ سینئر سیاسی قائدین بشمول سابق چیف منسٹرس امریندرسنگھ، چرنجیت سنگھ چنی نے بھی صدمہ کااظہارکیااور بے نظیرکاروائی کامطالبہ کیا۔

بھگونت مان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ مورندا کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اورکسی کوبھی بخشا نہیں جائے گا۔ بے حرمتی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ ہمارے لئے گروگرنتھ صاحب کا احترام سب سے مقدم ہے۔