حیدرآباد

بریکنگ: منگوڈ کی لڑائی ٹی آر ایس نے جیت لی

پربھاکر ریڈی کو 96574 ووٹ ملے جبکہ راجگوپال ریڈی کو 86515 ووٹ ملے۔ کانگریس پارٹی نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس کی امیدوار پی سراونتی کو 23,449 ووٹ ملے اور ان کی ضمانت ضبط ہوگئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی نے اتوار کو منگوڈ اسمبلی حلقہ سے اپنے قریبی حریف اور بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو بڑے فرق سے شکست دے کر ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔

نلگنڈہ ضلع کے ارجلاباوی گاؤں میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کے گودام میں گنتی کے 15 راؤنڈ کے اختتام پر حتمی نتیجہ کا اعلان کیا گیا۔ ٹی آر ایس نے کانگریس پارٹی سے منگوڈ اسمبلی کی نشست چھین لی ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ابھی تک سرکاری طور پر نتائج کا اعلان نہیں کیا ہے۔

2018 کے انتخابات میں، راجگوپال ریڈی نے کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر منگوڈ اسمبلی نشست پر اپنے قریبی حریف ٹی آر ایس کے، کے پربھاکر ریڈی کو 23,552 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ انہوں نے اگست میں کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد 3 نومبر کو ضمنی انتخاب لڑا تھا۔

پربھاکر ریڈی کو 96574 ووٹ ملے جبکہ راجگوپال ریڈی کو 86515 ووٹ ملے۔ کانگریس پارٹی نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس کی امیدوار پی سراونتی کو 23,449 ووٹ ملے اور ان کی ضمانت ضبط ہوگئی۔

ٹی آر ایس کے نامزد امیدوار نے راجگوپال ریڈی پر آج گنتی کے جملہ 15 راؤنڈز میں سے دوسرے اور تیسرے راؤنڈ کو چھوڑ کر، معمولی فرق کے باوجود، مسلسل برتری برقرار رکھی۔

دریں اثنا، ٹی آر ایس کیڈر نے یہاں ٹی آر ایس بھون میں منگوڈ میں جیت کا جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور پٹاخے پھوڑے اور اس جیت کو پارٹی کے قومی داخلے کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ وہ ’’جئے کے سی آر، جئے تلنگانہ‘‘ اور ’’دیش کا نیتا کے سی آر‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔