حیدرآباد

حیدرآباد میں گرج و چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش (تصاویر)

موسلا دھار بارش نے مسافروں کی آمدورفت کو متاثر کیا، کیونکہ شہر کے اہم چوراہوں پر سڑکیں بارش کے پانی میں ڈوب گئی تھیں۔

حیدرآباد: حیدرآباد میں پیر کی شام گرج و چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی جبکہ نشیبی علاقے اور مصروف سڑکیں زیر آب آگئیں۔

موسلا دھار بارش نے مسافروں کی آمدورفت کو متاثر کیا، کیونکہ شہر کے اہم چوراہوں پر سڑکیں بارش کے پانی میں ڈوب گئی تھیں۔

شہر کے جنوبی اور وسطی حصوں میں زبردست گرج و چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

جن علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاع ملی ہے ان میں اپل، ناگول، ایل بی نگر، تارناکہ، بوڈاپل، عنبرپیٹ، عثمانیہ یونیورسٹی، نامپلی، عابڈس، مہدی پٹنم اور ملک پیٹ شامل ہیں۔ بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، امیرپیٹ اور پنجہ گٹہ کے کئی حصوں میں بھی زبردست بارش ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ مختصر وقفے کے بعد شہر میں منگل سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے اگلے دو دنوں تک شہر بھر میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چارمینار، ایل بی نگر، راجندر نگر، ملک پیٹ، فلک نما اور چندرائن گٹہ میں اوسط بارش ہوسکتی ہے جبکہ شہر کے دیگر حصوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔

ریاست کے دیگر تمام اضلاع میں بھی اگلے دو دنوں تک ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات – حیدرآباد نے منگل کو نارائن پیٹ، محبوب نگر، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، کھمم، محبوب آباد، کریم نگر اور راجنا سرسلہ اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔