16کروڑ نوکریاں کب دی جائیں گی؟مودی سے کانگریس کا سوال

سرجے والا نے کہا کہ ایونٹ بازی نہیں‘ روزگار دیجئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بتانا ہوگا کہ وہ 16 کروڑ نوکریاں کب دیں گے کیونکہ وہ گزشتہ 8 سال میں ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرچکے ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس نے ہفتہ کے دن حکومت کے ”روزگار میلہ“ کو ”جملہ کنگ“ کی ”ایونٹ بازی“ قراردیا اور پوچھا کہ ملک کے نوجوانوں کو 16 کروڑ نوکریاں کب دی جائیں گی جن کا وعدہ کیا گیا تھا۔ کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا جو گزشتہ 8 سال میں نہیں دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا صرف 4 ریاستوں سے گزری اور حکومت کو ”مان لینا“ پڑا کہ بے روزگاری ملک کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ سرجے والا نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ کم ازکم ”جملہ کنگ“ یہ ماننے پر مجبور ہوگیا کہ بے روزگاری ملک اور نوجوانوں کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے اس اعتراف کو بھارت جوڑو یاترا کی سب سے بڑی کامیابی قراردیا۔ کانگریس قائد نے کہا ”ایونٹ بازی نہیں‘ روزگار دیجئے“۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بتانا ہوگا کہ وہ 16 کروڑ نوکریاں کب دیں گے کیونکہ وہ گزشتہ 8 سال میں ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرچکے ہیں۔

ٹویٹر پر ویڈیو میں سرجے والا نے سوال کیاکہ یہ 16 کروڑ نوکریاں کب ملیں گی۔ سرکاری محکموں میں 30لاکھ مخلوعہ جائیدادیں کب تک پر ہوں گی۔ وزیراعظم کو ملک کے نوجوانوں کو یہ جواب دینا ہوگا۔ سرجے والا نے کہا کہ کانگریس‘ وزیراعظم سے پوچھتی رہے گی کہ وعدہ کردہ نوکریاں کب دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ محض 70 ہزار تقررنامے دینے سے صورتِ حال نہیں بدلے گی۔ ملک کے نوجوان نوکریاں چاہتے ہیں اور وزیراعظم کو انہیں جواب دینا ہوگا۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی اور کانگریس‘ وزیراعظم سے یہ سوال کرتے رہیں گے۔