شمالی بھارت

گیان واپی مسجد سروے معاملہ، ہائیکورٹ کا فیصلہ محفوظ

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز محکمہ آثار ِ قدیمہ کی جانب سے گیان واپی مسجد کے سروے کے خلاف درخواست پر اپنے احکام 3 اگست تک محفوظ کردیئے۔

پریاگ راج(اترپردیش): الٰہ آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز محکمہ آثار ِ قدیمہ کی جانب سے گیان واپی مسجد کے سروے کے خلاف درخواست پر اپنے احکام 3 اگست تک محفوظ کردیئے۔

عدالت نے اے ایس آئی کو حکم دیا کہ وہ اُس وقت تک سروے کا کام بھی روک دے۔ چیف جسٹس پی دیواکر نے دوپہر کے سیشن میں اس معاملہ کی سماعت کی اور اپنا فیصلہ 3 اگست تک محفوظ کردیا۔

ہائی کورٹ میں وارانسی کی ڈسٹرکٹ عدالت کے حکم کے خلاف ایک درخواست کی سماعت ہورہی تھی جس کے ذریعہ محکمہ آثارِ قدیمہ کو سروے کرنے کا حکم دیا گیا تھا تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ آیا گیان واپی مسجد کسی مندر پر تعمیر کی گئی ہے۔

عدالت نے انجمن انتظامیہ مساجد کے دلائل کی سماعت کی جو مسجد کا انصرام کرتی ہے۔ ہندو فریق کے دلائل کی بھی سماعت ہوئی۔ اے ایس آئی عہدیدار بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔