یوروپ

کینیڈا میں ویزا خدمات بحال کرنے ہندوستان کا فیصلہ

ہندوستان نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ وہ جمعرات سے کینیڈا میں بعض ویزا خدمات دوبارہ شروع کرے گا۔ ایک سکھ علحدگی پسند کے قتل پر سفارتی تنازعہ کے دوران ایک ماہ قبل اِن خدمات کو معطل کردیا گیا تھا۔

ٹورنٹو: ہندوستان نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ وہ جمعرات سے کینیڈا میں بعض ویزا خدمات دوبارہ شروع کرے گا۔ ایک سکھ علحدگی پسند کے قتل پر سفارتی تنازعہ کے دوران ایک ماہ قبل اِن خدمات کو معطل کردیا گیا تھا۔

اٹاوا میں ہائی کمیشن آف انڈیا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کئے گئے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جس کے دوران اس ضمن میں کینیڈا کے حالیہ اقدامات پر غور وخوض کیا گیا، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 26 اکتوبر 2023 سے حسب ذیل زمروں کیلئے ویزا خدمات دوبارہ شروع کئے جائیں۔

اِن خدمات میں انٹری ویزا، بزنس ویزا اور میڈیکل ویزا و کانفرنس ویزا شامل ہیں۔ اس اقدام کو ایک ایسے اقدام کے طور پر دیکھا جارہا ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی میں مدد ملے گی۔

صحافتی بیان میں کہا گیا کہ اوٹاوا میں ہائی کمیشن آف انڈیا اور ٹورنٹو کے علاوہ وینکور میں اس کے قونصلیٹ جنرل کو حفاظت و سلامتی کے اندیشوں کے مدِ نظر ویزا خدمات کو عارضی طور پر روکنا پڑا تھا۔