حیدرآباد

اندرون ماہ وقف بورڈ کو عدالتی اختیارات دینے کا مطالبہ

سید عزیز پاشاہ نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ اوقافی جائیدادوں اور اس کے اثاثوں کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو عدالتی اختیارات عطا کریں اور وقف کمشنریٹ قائم کریں۔

حیدرآباد: سابق رکن پارلیمنٹ و قومی سکریٹری سی پی آئی سید عزیز پاشاہ نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ اوقافی جائیدادوں اور اس کے اثاثوں کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو عدالتی اختیارات عطا کریں اور وقف کمشنریٹ قائم کریں۔

انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر اندرون ایک ماہ اس مسئلہ کا حل نہیں نکالا گیا تو وہ حکومت کے خلاف دھرنا چوک اندرا پارک پر دھرنا منظم کریں گے۔میڈیاپلس میں آج آل انڈیا مسلم مائنا ریٹی آرگنائزیشن کی جانب سے وقف مسائل کے موضوع پر گول میز کانفرنس منعقد کی گئی۔

سابق ڈائرکٹر اے پی مائنا ریٹی فینانس کارپوریشن ایم اے صدیقی نے صدارت کی۔

گول میز کانفرنس میں صدرنشین آرگنائزیشن سید مختار حسین، صدر نشین آل انڈیا ہیومن رائٹس اسوسی ایشن،ڈاکٹر ایم یو دعا، صدر مسلم یوناٹیڈ فیڈریشن، مولانا خیر الدین صوفی، صدر ہومن رائٹس اسوسی ایشن تلنگانہ کمیٹی محمد فضل الدین، منیر پٹیل، آواز کے نمائندے محمد علی، عثمان الہاجری، بی آر ایس کے قائدین میر عنایت علی باقری، سکندر معشوقی، نعیم اللہ شریف، محمد اسمٰعیل الرب، محمد افضل ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔

تمام شرکا نے وقف بورڈ کی جائیدادوں کے تحفظ کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر حکومت تلنگانہ پر برہمی کااظہار کیا۔ ان قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے موقع پر وقف بورڈ کو عدالتی اختیارات دینے، کمشنریٹ قائم کرنے، مسلمانوں کو12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

اقتدار پر آنے کے بعد انہوں نے ان تمام وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کو کے سی آر کو پورا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے ریکارڈز روم گزشتہ کئی سال سے مقفل ہے۔ وقف کے مقدمات کی سنوائی میں حصہ لینے کیلئے ریکارڈ ہونا ضروری ہے۔عدالت میں وقف کی دستاویزات نہ بتائے جانے سے کئی مقدمات میں وقف بورڈ کو شکست ہورہی ہے۔

انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری وقف بورڈ کے مقفل ریکارڈ روم کی کشادگی کو یقینی بنائیں تاکہ وقف بورڈکے وکلاء کو عدالتوں میں ریکارڈ پیش کرنے میں آسانی ہوسکے۔