او ٹی پی شیئرنگ ملزم سے این آئی اے پوچھ تاچھ
نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) کی ایک ٹیم پیر کے دن بھوبنیشور پہنچ گئی اور اس نے ابھیجیت سنجے جمبورے سے پوچھ تاچھ شروع کردی۔
بھوبنیشور: نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) کی ایک ٹیم پیر کے دن بھوبنیشور پہنچ گئی اور اس نے ابھیجیت سنجے جمبورے سے پوچھ تاچھ شروع کردی۔
ابھیجیت پر الزام ہے کہ وہ پاکستانی انٹلیجنس عہدیداروں سے مسلسل ربط میں تھا۔ اوڈیشہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس نے سافٹ ویر کمپنی ملازم ابھیجیت کو 29جون کو پونے(مہاراشٹرا) سے گرفتار کیا تھا۔
وہ اب 4 دن کی پولیس ریمانڈ میں ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس ٹی ایف‘ کے کے پانی گڑھی نے یہ بات بتائی۔ واٹس ایپ کے ذریعہ ابھیجیت کے کم ازکم 7پاکستانی شہریوں اور 10نائیجیریائی شہریوں سے روابط تھے۔
ممبئی اے ٹی ایس ٹیم نے اتوار کے دن ابھیجیت سے پوچھ تاچھ کی۔ اس پر الزام ہے کہ وہ بعض پاکستانی ایجنٹس اور نائیجیریائی شہریوں سے راست رابطہ میں تھا۔ پانی گڑھی نے کہا کہ ابھیجیت کا عرصہ سے پاکستانی انٹلیجنس کے 2 عہدیداروں سے مستقل رابطہ تھا۔
2018 میں اس نے فیس بک میسنجر کے ذریعہ فیصل آباد(پاکستان) کے دانش @ سید دانش علی نقوی سے ملاقات کی تھی۔ نقوی نے اپنا تعارف Chegg (امریکی ایجوکیشن ٹکنالوجی کمپنی) کے فری لانسر کے طورپر کرایا تھا۔ ابھیجیت نے کمپنی کا اپنا آئی ڈی اور پاس ورڈ دانش کو دے دیا تھا۔
دانش نے ابھیجیت کی شناخت کے ساتھ کمپنی میں کام کیا لیکن تنخواہ ہندوستان میں ابھیجیت کے کھاتہ میں جمع ہورہی تھی۔ اس نوازش کے عوض ابھیجیت کو دانش کے لئے کچھ کام کرنا تھا۔ دانش نے ابھیجیت کا تعارف اپنے دوست خرم عرف عبدالحمید (کراچی) سے کرایا۔
سمجھا جاتا ہے کہ خرم پاکستانی انٹلیجنس کا سینئر عہدیدار ہے اور ہندوستان میں اس کے ایجنٹس کا بڑا نیٹ ورک ہے۔
خرم کی ہدایت پر ابھیجیت ہندوستان میں مختلف پی آئی اوز میں رقم منتقل کرتا تھا۔ ابھیجیت نے پی سمنت لنکا کو بھی رقم منتقل کی تھی جسے ایس ٹی ایف نے سابق میں او ٹی پی شیئرنگ اسکام میں گرفتار کیا تھا۔ اس اسکام میں تاحال 6 افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔